چترال میں سکیورٹی فورسز سے جھڑپ، 7دہشتگرد ہلاک، 6زخمی
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) سکیورٹی فورسز نے فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں 7 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا، جب کہ 6 دہشت گرد شدید زخمی ہو گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق چترال کے علاقے ارسون میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فوجیوں نے دہشت گردوں کا موثر انداز میں مقابلہ کیا۔ علاقے میں پائے جانے والے دیگر دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لئے کلیئرنس آپریشن کیا جا رہا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے کے مقامی لوگوں نے سکیورٹی فورسز کے آپریشن کو سراہا اور ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے بھرپور تعاون کا اظہار کیا۔