چینی‘ بجلی اور پانی چوری کی سرپرستی حکومتیں کرتی ہیں: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے سیاسی و معاشی دہشت گردوں نے سات عشروں سے عوام کو یرغمال بنا رکھا ہے۔ حکمرانوں کا کام لوٹ مار، غریب کا صرف ووٹ دینا ہے۔ چینی، بجلی اور پانی چوروں کی سرپرستی حکومتیں کرتی ہیں۔ قوم متحد ہوجائے تو اسلامی فلاحی پاکستان کی منزل دور نہیں، آئندہ الیکشن فیصلہ کن ہوگا۔ جماعت اسلامی 90دن میں الیکشن کے یک نکاتی ایجنڈے پر تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مظفر گڑھ میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ ظالم جاگیرداروں اور کرپٹ سرمایہ داروں نے سیاست و جمہوریت کے نام پر باریاں لیں، اپنے شہزادوں اور شہزادیوں کا مستقبل محفوظ، قوم کا تباہ کیا۔ دو ستمبر کی ہڑتال کی کامیابی کے بعد حکومت بجلی چوروں کے خلاف ایکشن پر مجبور ہوگئی۔ ڈالر مافیا پر بھی ہاتھ ڈالے جا رہے ہیں۔ جنوبی پنجاب میں بجلی کی قیمتوں میں اضافہ اور مہنگائی کی مجموعی صورتحا ل کے خلاف احتجاجی تحریک کے آغاز کے تیسرے اور آخری روز ہونے والے جلسہ میں خواتین سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ احتجاجی تحریک کے دوسرے مرحلے کے دوران امیر جماعت 16 ستمبر کو فیصل آباد میں عوامی اجتماع سے خطاب جبکہ 18 ستمبر کو پشاور گورنر ہاو¿س کے سامنے تین روزہ دھرنے میں شرکت کریں گے۔ جماعت اسلامی 17 ستمبر کو اسلام آباد میں قومی توانائی کانفرنس کا انعقاد کرے گی۔ جنوبی پنجاب میں رحیم یارخان، لیہ اور مظفرگڑھ میں خطابات کے دوران امیر جماعت نے حکومت پر واضح کیا کہ جماعت اسلامی مہنگائی میں کمی تک مظاہرے جاری رکھے گی اور پہیہ جام ہڑتال کا بھی اعلان کرے گی۔ جلسہ عام سے نائب امیر لیاقت بلوچ نے بھی خطاب کیا۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب جنوبی راو¿ ظفر، امیر ضلع عمردراز فاروقی، صدر جے آئی یوتھ رسل خان بابر، امیدواران قومی و صوبائی اسمبلی اور مقامی قائدین بھی سٹیج پر موجود تھے۔ سراج الحق نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں پانی چوری کی وجہ سے غریب کاشتکار تباہ ہوگیا۔ آئی پی پیز سے مہنگے معاہدے ختم کر کے ذمہ داران کا احتساب کیا جائے۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مراکش کے شہروں میں آنے والے حالیہ زلزلے اور اس سے ہونے والے مالی و جانی نقصان پر شدید رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان میں تعینات مراکش کے سفیر محمد کرمون کے نام اپنے ایک خط میں حکومت اور مراکش کے عوام کے ساتھ اظہار یک جہتی کیا ہے۔ پاکستانی عوام اپنے بھائیوں کے صدمے میں برابر کی شریک ہے۔