• news

نام تبدیلی: انڈیا کی روح پر حملہ کرنے والوں کو قیمت چکانا ہوگی: راہول گاندھی

نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ) انڈیا بمقابلہ بھارت پر بحث کے دوران اپوزیشن لیڈر اور کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے کہا ہے کہ انڈیا کی روح پر حملہ کرنے والے لوگوں کو قیمت ادا کرنی ہو گی۔ انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق رانس میں سائنسز پی او یونیورسٹی میں بات کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ جو لوگ ملک کا نام بدلنے کی کوشش کر رہے ہیں‘ وہ بنیادی طور پر تاریخ کو جھٹلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ ملک کو ہندوستان یا بھارت کہنا ٹھیک ہے‘ لیکن اس تبدیلی کے پیچھے ان کی نیت ہے جو ٹھیک نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی آئین میں دونوں ناموں (بھارت اور انڈیا) کا استعمال ہے۔ دونوں الفاظ بالکل ٹھیک ہیں‘ لیکن ہم نے شاید اپنے اتحادی نام سے (مرکزی) حکومت کو ناراض کیا ہے۔ ہمارے اتحاد کا نام انڈیا ہے اور اس لئے انہوں نے ملک کا نام بدلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ راہول گاندھی نے کہا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس نچلی اور پسماندہ ذاتوں کے لوگوں کے اظہار اور شرکت کو روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ میں ایسا بھارت نہیں چاہتا جہاں لوگوں کے ساتھ اس لئے بدسلوکی کی جائے کیونکہ وہ اقلیت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کا اپنے ہی ملک میں بے چینی محسوس کرنا‘ یہ بھارت کیلئے شرم کی بات ہے۔

ای پیپر-دی نیشن