لاہور کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق‘ چوتھا کیس سامنے آ گیا
لاہور (نیٹ نیوز) محکمہ صحت اسلام آباد کے حکام کے مطابق لاہور کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ ریجنل ریفرنس لیبارٹری کی جانب سے پولیو وائرس کی تصدیق کی گئی، یہ ماحولیاتی نمونے ملتان روڈ کے علاقے سے جمع کیے گئے تھے۔ لاہور سے جمع کیے گئے 4 نمونوں میں سے 3 نمونے افغانستان میں پائے جانے والے وائرس سے منسلک ہیں۔ وزارت صحت کے ایک اہلکار نے بتایا کہ اگر پولیو وائرس سیوریج کے پانی میں پایا جاتا ہے تو اس کے نمونے کو ’مثبت‘ کہا جاتا ہے۔ ’پولیو مہم کی کامیابی کا تعین کرنے کے لیے سیوریج کے نمونے ایک بنیادی پیرامیٹر ہیں۔ اس کے علاوہ سیوریج میں وائرس کی موجودگی یہ بھی ظاہر کرتی ہے کہ علاقے میں بچوں کی قوت مدافعت کم ہو گئی ہے اور ان میں بیماری لگنے کا خطرہ ہے۔‘ رواں سال لاہور میں وائلڈ پولیو وائرس کا یہ چوتھا کیس ہے، وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ’آج کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے ہم پچھلے سال کے مقابلے میں دو گنا زیادہ نمونوں کی جانچ کر رہے ہیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہمارا نظام مضبوط اور وائرس کو تلاش کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ پاکستان پولیو پروگرام پہلے ہی ہر ماہ 114 مخصوص ماحولیاتی مقامات پر پولیو وائرس کی جانچ کر رہا ہے۔ زیادہ خطرے والے علاقوں میں نگرانی کو بہتر بنانے کے لیے وقتاً فوقتاً متعدد مقامات سے اضافی سیوریج کے نمونے جمع کیے جا رہے ہیں۔ ’ہم افغانستان اور یمن سے اکٹھے کیے گئے ماحولیاتی نمونوں کی بھی جانچ کر رہے ہیں۔