جی 20 ممالک بھارت پر زور دیں، تنازعہ کشمیر یواین او کی قاردادوں کے مطابق حل کرے: حریت پسند تنظیمیں
سری نگر(کے پی آئی) مقبوضہ جموں و کشمیر میں آزادی پسند تنظیموں نے جی 20ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ مودی کی زیر قیادت بھارتی حکومت پردباﺅ ڈالیں کہ وہ تنازعہ کشمیر کواقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرے۔جموں و کشمیر پولیٹیکل ریزسٹنس موومنٹ، ریزسٹنس یوتھ فورم جموں و کشمیر، جموں کشمیر ڈیموکریٹک موومنٹ اور جموں کشمیر یوتھ موومنٹ سمیت آزادی پسند تنظیموں نے اپنے بیانات میں اقوام متحدہ پر زور دیا گیا کہ وہ کشمیر سے متعلق اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کرے اور تنازعہ کو ہمیشہ کے لیے حل کرے۔جی 20ممالک پر زوردیاگیا ہے کہ وہ تمام کشمیری سیاسی نظربندوں کی رہائی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔بھارت اس بین الاقوامی فورم کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں اپنے ظالمانہ ہتھکنڈوں کو قانونی شکل دینے اورعلاقے میں حالات معمول کے مطابق دکھانے کے لیے استعمال کر رہا ہے۔جموں و کشمیراگست 2019سے بھارتی فوج اور پولیس کے محاصرے میں ہے۔ 20ممالک سے کہاگیاہے کہ کیا آپ جانتے ہیں کہ بھارت اظہار رائے کی آزادی کی بدترین خلاف ورزی کرنے والا ملک ہے اور کیا آپ انسانی حقوق اور امن پر یقین رکھتے ہیں؟اگر ایسا ہے تو آپ( جی 20ممالک) بدترین خلاف ورزی کرنے والے ملک بھارت کے مہمان کیوں ہیں؟ عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔ جی 20ممالک سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ یہ سمجھ لیں کہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں گروپ کے اجلاس کے انعقاد کا مقصد کشمیر دشمن ایجنڈے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمدکے جموں و کشمیر کے عوامی مطالبے کو چھپانے کے سوا کچھ نہیں۔