• news

گلگت بلتستان سے گندم کی ترسیل پر پابندی عائد کر دی گئی

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) حکومت گلگت بلتستان نے صوبے سے باہر گندم کی ترسیل پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ اقدام کا مقصد گلگت بلتستان کے عوام کو سبسڈی کی مد میں فراہم کی جانے والی گندم کی شفاف تقسیم یقینی بنانا اور سمگلنگ کے ذریعے گندم کا بحران پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لانا ہے۔ گلگت بلتستان سے باہر گندم کی غیر قانونی ترسیل روکنے کے لیے داخلی و خارجی راستوں بشمول تھور، بابوسر اور غذر میں واقع چیک پوسٹس پر پولیس اہلکاروں کو گندم کی غیر قانونی سمگلنگ کرنے والوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کی تیاری کے لیے ناکہ بندی و چیکنگ کے لیے جامع حکمت عملی بنانے کے لیے محکمہ پولیس کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ سمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت تادیبی کارروائی عمل میں لانے کے لیے محکمہ خوراک کو ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے اشتراک سے کریک ڈاﺅن کرنے کا حکم جاری کر دیا گیا ہے۔ سیکرٹری خوارک کو ٹارگٹڈ سبسڈی اور گندم کی منصفانہ تقسیم کے لیے جامع سفارشات تیار کرنے کے بھی احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن