خانقاہ ڈوگراں: ٹریفک حادثہ میں ہلاک مسیحی زائرین کی تعداد 6 ہو گئی‘ 57 زخمی
شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی+نمائندہ نوائے وقت) خانقاہ ڈوگراں کے قریب ٹریفک حادثہ میں ہلاک ہونے والے مسیحی زائرین کی تعداد 6 ہو گئی جبکہ 57 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ میلہ مریم آباد سے واپس جانے والے زائرین کی بس اوورلوڈنگ اور تیزرفتاری کے باعث الٹ گئی تھی۔ زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں سمیت ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ مسیحی برادری کے اجتماع میلہ مریم آباد کی تقریبات کے اختتام پر مسیحی زائرین اپنے گھروں کو واپس جا رہے تھے کہ تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہوکر الٹ گئی، جس میں سوار ذیشان‘ راجہ‘ ساحل‘ شیرون‘ چاند سمیت 6 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ 57 زخمی ہو گئے جن میں سے 29 افراد کو شدید زخمی ہونے پر ڈی ایچ کیو ہسپتال شیخوپورہ جبکہ زخمی افراد کو فرسٹ ایڈ کے بعد خانقاہ ڈوگراں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ جہاں علاج معالجہ جاری ہے۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر سرمد تیمور‘ ڈی ایس پی ٹریفک طارق جمیل و دیگر افسرموقع پر پہنچ گئے جنہوں نے زخمیوں کی عیادت کرنے کے علاوہ انہیں ملنے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔