• news

علماءکرام نوجوان نسل کو گمراہ کن نظریات سے بچائیں:راغب حسین نعیمی

 لاہور(خصوصی نامہ نگار) دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ علماءکرام نوجوان نسل کو گمراہ کن نظریات سے بچائیں۔ مذہب کے نام پر ابھرنے والے فتنوںکے مقابلے کیلئے علماءخودکو تیار کریں۔ موجودہ حالات ملک میں مذہبی وسیاسی رواداری کے فروغ کے متقاضی ہیں، بین المذاہب ہم آہنگی کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ معاشرے میں امن وامان کو برقرار رکھنے کےلئے تمام طبقات اپنا کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈاکٹر سرفراز نعیمی شہید ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں اساتذہ کرام کے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں شیخ الحدیث مولانا محبوب احمد چشتی، مولانا ڈاکٹر سلیمان قادری، مفتی محمد عارف حسین، مفتی محمد عمران حنفی، مفتی ندیم قمر، مفتی غلام مرتضیٰ نقشبندی، علامہ مسعود احمد سیالوی، حافظ محمدعبداللہ نعیمی ودیگر نے شرکت کی۔ علامہ ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی نے کہاکہ تمام الہامی مذاہب کی تعلیمات سے امن و آشتی، رواداری اور بھائی چارے کا درس ملتا ہے۔ اسلامی تعلیمات اخوت وبھائی چارے، تحمل و برداشت، الفت ومحبت اور رواداری پر مبنی ہیں۔ مذہبی ہم آہنگی، رواداری، مساوات اور انسانیت کی بھلائی نوجوان علماءکا مشن ہونا چاہئے۔

ای پیپر-دی نیشن