تجارت سے پاک عزاداری سے بعثت رسول کا ہدف مل سکتا ہے :علامہ جوادنقوی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) مرکز تشیع پاکستان جامعہ عروة الوثقیٰ اور تحریک بیداری امت مصطفی کے زیراہتمام ایک عظیم الشان اور پر شکوہ اجتماع کا انعقادہوا جس کا عنوان یزیدیت شکن اربعینِ حسینی تھا۔ مرکزی اجتماع میں ملک بھر سے معروف نوحہ خواں،ماتمی دستے اور بلاتفریق ِمسلک و مذہب عاشقانِ امام حسین ؓکی کثیر تعداد شریک ہوئی۔ اس موقع پر علامہ سید جواد نقوی کا کہنا تھا کہ فرقہ واریت اور تجارت سے پاک عزاداری سے بعثت رسول کا ہدف حاصل ہو سکتا ہے اور امام حسینؓ کی سیرت سے درس لے کر ہر دور کے ظلم و استبداد کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ یزیدیت ہر دور میں ایک ناسزا اور گالی ہے اور جو بھی اس سے منسلک ہو گا وہ ذلیل و رسوا ہی ہوا۔ یزیدیت شکن اربعینِ حسینی جہاں امام عالی مقام کے راستے کی پیروی کا وعدہ ہے ۔وہیں یزیدیت اور اس کے پیروکاوں سے رزم کا بھی اعلان ہے جو کربلا سے شروع ہوئی لیکن عزاداری کی شکل میں آج تک جاری ہے۔ ملک میں فرقہ وارانہ عناصر کا راستہ روکنا قومی و شرعی تقاضا ہے۔ پاکستان میں جاری فرقہ واریت شیعہ اور سنی کی نہیں ہے بلکہ یہ حسینتؓ اور یزیدیت کے درمیاں معرکہ ہے اور حسینی لشکر میں شیعہ تنہا نہیں ہے۔ چنانچہ وطنِ عزیز میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال اور تفرقہ انگیز عوامل میں تشویشناک اضافے کے تدارک کیلئے مشاورت اور لائحہ عمل کا تعین کرنا ضروری ہے تاکہ تمام مکاتبِ فکر ہم آواز اور ہمقدم ہو کر فرقہ واریت کے عفریت کیخلاف عوامی بیداری پیدا کریں اور اس زہرِ قاتل کے تریاق کی خاطر عملی اقدامات کریں۔