پاکستان شہیدوں ، غازیوں کی امانت ہے:سردار واصف ڈوگر
جھبراں ( نمائندہ نوائے وقت)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ضلعی رہنما سردار واصف ڈوگر نے کہا ہے کہ دفاع وطن پر قربان ہونے والے بری بحری فضائی جوانوں افسروں کی قربانیوں کی وجہ سے آج 24 کروڑ سے زائد عوام آزاد فضاﺅں میں سانس لے رہے ہیں ، پاکستان شہیدوں ، غازیوں کی امانت ہے ہر شہری اس سے پیار کرے اور اس خطہ زمین کی قدر کرے ، اپنے ایک بیان میں سردار واصف ڈوگر نے کہا کہ یوم دفاع پاکستان ہمارے وقار اور جرات کی علامت ہے اس دن افواج پاکستان اور غیور قوم نے مل کر عیار دشمن کو شکست فاش دی ،آج ہمیں اسی جذبہ کو فروغ دے کر ملک کو اندرونی و بیرونی خطروں سے بچانے کیلئے افواج پاکستان کے ساتھ کھڑا ہونا ہے 1965میں دشمن نے ہماری آزادی کو چیلنج کیا اور ہم نے اپنے دفاع کےلئے ہر طرح کی قربانی دے کر دشمن کو شکست فاش دی ہمارے شہدا ءکی لازوال قربانیوں کی بدولت وطن عزیر پوری دنیا میں سرخرو ہوا افواج پاکستان کے بہادر سپوتوں نے اپنی جانوں کی قربانی دے کر ہمارے آج کی حفاظت کی ہے، انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک مستحکم خوشحال اور مضبوط پاکستان کےلئے اپنے اختلافات کو بھلا کر متحدہو کر جدوجہد کرنے کا عزم کرنا ہوگا۔