حکومت کاروبار کے اوقات کار میں تبدیلی کیلئے مشاورتی عمل کو تیز کرے: اشرف بھٹی
لاہور ( کامرس رپورٹر)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ اگر حکومت نے آئندہ ماہ سے کاروبار کے اوقات کار میں تبدیلی لانی ہے تو مشاورت کے عمل کو تیز کیا جائے۔ بعض رہنماﺅںکی جانب سے مجوزہ تجویز پر تحفظات سامنے آئے ہیں جنہیں دور کرنا چاہیے۔ تاجروں کیلئے بجلی کی قیمت میں کمی اور کاروبار کے اوقات کار میں تمام کمرشل فیڈرز کو لوڈ شیڈنگ سے استثنیٰ دیا جائے۔ اپنے بیان میں اشرف بھٹی نے کہا کہ اگر حکومت کاروبار کے اوقات میں تبدیلی لانے میں سنجیدہ ہے تو اسے اب تک تاجر تنظیموں سے مشاورت کے کئی دور کر لینے چاہیے تھے۔ بیورو کریسی آپس میں میٹنگ میٹنگ کھیلنے کی بجائے تاجر تنظیموں کے نمائندوں کو مدعوکرے اور اتفاق رائے کیلئے بات چیت کا آغاز کیا جائے۔ اس سے پہلے بھی متعدد بار اس طرح کے فیصلے کئے گئے لیکن حکومت کی کمزوری کی وجہ سے ان پر عملدرآمد نہیں ہوسکا۔ حکومت سے اپیل ہے کہ اس فیصلے کے حوالے سے تمام اکائیوںمیں اتفاق رائے پیدا کیا جائے۔ تمام تاجر تنظیموں کے نمائندوں کو اعتماد میں لینے کے بعد متفقہ اعلان کیا جائے۔