• news

صوبائی کابینہ نے کم از کم تنخواہ32ہزار کرنے منظوری دیدی: جنوبی پنجاب کے منصوبے جلد مکمل کئے جائیں : محسن نقوی

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ ملتان میں پنجاب کابینہ کے25ویں اجلاس نے ورکرز کو ریلیف کی فراہمی کیلئے کم از کم تنخواہ 32ہزار روپے کرنے کی منظوری دی۔ محسن نقوی نے کم از کم تنخواہ پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ کابینہ نے معذور افراد، بزرگوں اورطلبا و طالبات کیلئے بڑا ریلیف دیا ہے۔ میٹروبس سروس اور اورنج لائن میٹرو ٹرین پر فری سفر کرسکیں گے۔ سرکاری میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں سیشن برائے 2023-24 کیلئے داخلہ پالیسی کے لئے کمیٹی کی سفارشات‘ سموگ سے نمٹنے کیلئے کابینہ کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دی۔ کابینہ نے صحافیوں اور ان کے خاندانوں کی فلاح وبہبود کیلئے ایک ارب روپے سے انڈومنٹ فنڈ کے اجرا کی منظوری دی۔ محسن نقوی نے سیکرٹریز کو بدھ کو فیلڈ وزٹ کی ہدایت کی۔ کابینہ کو جنوبی پنجاب کے میگا ترقیاتی منصوبوں اور لاہور، ساہیوال، بہاولنگر موٹر وے پراجیکٹ اور ملتان رنگ روڈ پراجیکٹ کے بارے بریفنگ دی گئی۔ محسن نقوی نے جنوبی پنجاب کے منصوبے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں لاہور، راولپنڈی، بہاولپور اور ملتان کے ہائیکورٹ کے احاطے میں قائم ڈسپنسریوں کو فنکشنل اور آپریشنل کرنے کی ذمہ داری ہیلتھ فسیلٹیز مینجمنٹ کمپنی کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں سکول اپناو¿ پروگرام کے تحت پنجاب ایجوکیشن لینڈ سکیپ کا دائرہ کار مزید بڑھانے کا بھی فیصلہ ہوا۔ ملتان میں وائلنس اگینسٹ وویمن سینٹر کے ملازمین کے کنٹریکٹ میں توسیع اور ایل ڈی اے کمیشن کیلئے چیئرمین اور ممبر کی تقرری کی منظوری دی۔ حاجی عبدالقیوم ٹیچنگ ہسپتال ساہیوال کا انتظام محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن سے محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کو منتقل کرنے کی منظوری دی۔ حاجی عبدالقیوم ٹیچنگ ہسپتال ساہیوال کا انتظام محکمہ سپیشلائزڈ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن سے محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کو منتقل کرنے‘ آئل پائپ لائنز سسٹم کے قومی نیٹ ورک کی حفاظت اور سکیورٹی کے لئے صوبائی پالیسی، قائداعظم پولیس میڈل اور پریزیڈنٹ پولیس میڈل کے لئے شخصیات کے ناموں اور پنجاب مینٹل ہیلتھ (ترمیمی) ایکٹ 2014 کے تحت پنجاب مینٹل ہیلتھ اتھارٹی کے قیام کی منظوری دی۔ علاوہ ازیں محسن نقوی نے نواز شریف زرعی یونیورسٹی ملتان کا دورہ کیا اور زرعی یونیورسٹی کے پروفیسرز، ریسرچرز اور فارمرز سے مشاورتی سیشن کیا، جس میں زرعی ریسرچ کو پائیدار انداز میں فروغ دینے پر اتفاق ہوا۔ وزیر اعلی نے زرعی ریسرچ کے فروغ کیلئے حتمی سفارشات کی تیاری کے لیے وزارتی کمیٹی کا اعلان کیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ زرعی شعبے کی ترقی کے لئے پروفیسرز، ریسرچرز اور فارمرز سے رہنمائی اور فیڈ بیک لیں گے۔ انہوں نے کہاکہ بد قسمتی سے زرعی شعبے میں ریسرچ نہ ہونے کے برابر ہے۔ محسن نقوی کی ہدایت پر چلڈرن ہسپتال ملتان میں دل جسم سے باہر ہونے والے بچے عبداللہ کا علاج معالجہ شروع کر دیا گیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی کی ہدایت پر چلڈرن ہسپتال لاہو کے سرجنز کی ٹیم ملتان پہنچ گئی۔ نگران وزیراعلیٰ نے ملتان میں نشتر ہسپتال ٹو کا دورہ کیا، آﺅٹ ڈور شعبے کے مختلف حصے دیکھے۔ محسن نقوی نے تعمیراتی اور دیگر امور کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے اور نشتر ٹو کو جلد فنکشنل کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ نشتر ٹو ہسپتال ملتان اور گرد و نواح کے عوام کی اشد ضرورت ہے۔محسن نقوی نے ملتان میں انتہائی مصروف دن گزارا۔ وزیراعلی محسن نقوی دوپہر 12 بجے ملتان ائیر پورٹ پہنچے اور کوسٹرز میں سفر کر کے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ پہنچے۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے مسلسل 10 گھنٹے تک مختلف اجلاسوں کی صدارت کی اور ہسپتالوں کے دورے کئے۔ وزیر اعلی محسن نقوی کے ساتھ صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹریز اور دیگر حکام نے تمام وزٹ کوسٹرز میں کئے اور شہر میں کسی بھی مقام پر ٹریفک کو نہیں روکا گیا۔ صوبائی وزراءاور افسران کی رہائش اور طعام کے اخراجات وزیر اعلی محسن نقوی نے خود ادا کئے۔ محسن نقوی نے رات گئے ملتان کی 4 برس سے خستہ حال نواب پور روڈ کا دورہ کیا۔ محسن نقوی نے مقامی دکانداروں سے ملاقات کی۔ دکانداروں نے خراب سٹرک کے باعث مشکلات کے بارے شکایات کیں۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے نواب پور روڈ کی تعمیر کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ 2 ماہ میں نواب پور روڈ کی تعمیر و بحالی مکمل کی جائے۔

ای پیپر-دی نیشن