• news

پشاور: ایف سی کی گاڑی پر بم حملہ، لانس نائیک شہید، 3اہلکار ، 3شہری زخمی

اسلام آباد‘ لندن (خبرنگار خصوصی+ خبر نگار+ نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) پشاور میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر دیسی ساختہ بم دھماکہ کے نتیجے میں ایک جوان شہید ہو گیا جبکہ تین جوانوں کے علاوہ دھماکے کی زد میں آنے سے تین شہری بھی زخمی ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ورسک میں ایف سی کی گاڑی پر دیسی ساختہ بم سے حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں لانس نائیک عبدالرحمن عمر 29 سال ساکن ضلع بنوں نے شہادت کو گلے لگا لیا، جبکہ تین فوجی زخمی ہوئے۔ دہشت گردی کی اس بزدلانہ کارروائی کے نتیجے میں تین بے گناہ شہری بھی زخمی ہو گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خاتمے کے لیے علاقے کی کلیئرنس کی جا رہی ہے۔ سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر فوجیوں کے ساتھ ساتھ بہادر سویلین بھائیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے پشاور ورسک روڈ پر سکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شرپسندوں کے بزدلانہ حملے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے، ملک سے دہشت گردی کی لعنت ختم کر کے ہی دم لیں گے۔ سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے پشاور میں ورسک روڈ پر دھماکے کی مذمت کی ہے۔ شہباز شریف نے تین اہلکاروں سمیت زخمی افراد سے اظہار ہمدردی کرتے کہا کہ دہشت گردی سے نجات میں ہی قوم کی بقا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف برسرپیکار افواج‘ پولیس اور دیگر اداروں کے عزم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ مریم نواز نے پشاور میں ورسک روڈ پر ایف سی کی گاڑی کے قریب ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کردی۔ انہوں نے دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں اور ان کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ ہماری بہادر افواج دہشت گردی کے خلاف بڑے عزم سے لڑ رہی ہیں۔ چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی‘ مرزا آفریدی‘ نیئر بخاری نے بھی سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اس دہشتگردانہ حملے میں زخمی ہونے والے معصوم شہریوں سمیت سکیورٹی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے لازوال قربانیوں دی ہیں، خطے کے امن کی بقا کے لیے سکیورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

ای پیپر-دی نیشن