• news

پاکستان میں منصفانہ الیکشن چاہتے ہیں، منتخب حکومت کی حمایت کرینگے: امریکہ

 واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے ایک بار پھر اس بات کو دہرایا کہ امریکا پاکستان میں کسی جماعت کی حمایت نہیں کرتا۔ البتہ صرف آزادانہ اور منصفانہ الیکشن چاہتا ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر سے ہفتہ وار بریفنگ میں صحافی نے سوال کیا کہ سائفر کے اثرات اب سامنے آ رہے ہیں، افغانستان کی معیشت پاکستان کے مقابلے میں مستحکم ہوگئی ہے۔ اس پر امریکا کا کیا م¶قف ہے۔ میتھیو ملر نے جواب میں کہا کہ میں متعدد بار کہہ چکا ہوں کہ امریکا پاکستان میں معیشت کی بحالی اور ملکی ترقی کے لیے اصلاحات کا حامی ہے اور اس سلسلے میں پاکستان کی حمایت جاری رکھیں گے۔ ایک اور صحافی نے سوال کیا کہ پاکستان میں متعین امریکی سفیر نے دو ہفتے کے دوران پاکستان کے چیف الیکشن کمشنر سے دو بار ملاقاتیں کی ہیں۔ کسی بھی ملک کے الیکشن کمشنر سے ملنے کا کیا مطلب ہوسکتا ہے؟۔ امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے اس سوال کا جواب دینے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنے اس سوال کے جواب کے لیے امریکی سفارت خانے سے رجوع کر سکتے ہیں جو یقینی طور پر مجھ سے زیادہ بہتر جواب دینے کی درست پوزیشن میں ہیں۔ وزارت خارجہ کے ترجمان نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں صرف عوام کے ووٹوں سے منتخب ہونے والی حکومت کی حمایت کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن