گندم کی سمگلنگ میں سرکاری اہلکار ملوث، رپورٹ وزیراعظم آفس میں جمع
اسلام آباد(خبر نگار خصوصی +آئی این پی ) کرنسی اور تیل کے بعد اب چینی،کھاد اورگندم اسمگلنگ کی رپورٹ بھی وزیراعظم سیکرٹریٹ میں جمع کرادی گئی۔ چینی،کھاد اورگندم کی پاکستان سے اسمگلنگ کے بارے میں تفصیلات رپورٹ کا حصہ ہیں جب کہ گندم،کھاد،چینی کے اسمگلرز اور سرکاری اہلکاروں کی تفصیلات بھی رپورٹ میں شامل کی گئی ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق رپورٹ میں گندم کی اسمگلنگ میں ملوث 592 ذخیرہ اندوزں کی نشاندہی کی گئی ہے جب کہ گندم کی اسمگلنگ میں 26 اسمگلرز شامل ہیں۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ گزشتہ سال آئی بی نے 417 رپورٹس متعلقہ محکموں کو بجھوائی، حساس ادارے کی نشاندہی پر90147 میٹرک ٹن ذخیرہ شدہ اور اسمگل ہونے والی گندم قبضے میں لی گئی۔ رپورٹ میں اسمگلرزکی مدد کرنے والے 259 اہلکاروں کی نشاندہی کی گئی ہے، صوبائی حکومتوں میں تعینات اہلکار اسمگلرز، ذخیرہ اندوزں کی مدد فراہم کرتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق پنجاب میں272، سندھ میں244 اورکے پی میں56 سرکاری اہلکار اسمگلرز کے مددگار ہیں جب کہ بلوچستان میں 15 اور اسلام آباد میں 5 اہلکار اسمگلرزکےساتھی ہیں۔