گلگت میں مذہب کے نام پر انتشار پھیلانے والوں کیخلاف سخت اقدامات کئے جائیں: وزیراعظم
اسلام آباد(خبرنگارخصوصی)نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے متعلقہ حکام کو گلگت میں مذہب کے نام پر انتشار پھیلانے والے تمام عناصر کی بروقت نشاندہی اور ان کے خلاف سخت اقدامات لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے تمام شہریوں کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے۔ وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو گلگت بلتستان میں ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت اور امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں وزیراعظم کو آئی ٹی، صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں پیشرفت کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ گلگت بلتستان کے تمام اضلاع بالخصوص دیامر اور استور کے اضلاع میں تعلیم کے شعبے کے کئی مسائل کی بروقت نشاندہی اور موثر حل کئے جا چکے ہیں، تعلیمی شعبے میں لئے گئے اقدامات میں طلبا کو غذا کی فراہمی کے پروگرام، تعلیمی عمارتوں کی از سرنو تعمیر اور شکستہ حال عمارتوں کی بحالی، اساتذہ کی پیشہ وارانہ تربیت، جدید ٹیکنالوجی پر مبنی سمارٹ سکولوں کی تعمیر وغیرہ سر فہرست ہیں۔ اس کے علاوہ وزیراعظم کو بریفنگ میں گلگت بلتستان میں صحت کے شعبے میں لئے گئے مثبت اقدامات کے بارے میں بتایا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ گلگت بلتستان میں نفسیاتی امراض کے بڑھتے ہوئے رجحان کے سد باب کے لئے 24 گھنٹے فعال رہنے والی ہیلپ لائن قائم کی گئی ہے۔ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ گلگت میں یادگار شہدا پر حاضری دی ،فاتحہ خوانی کی اور پھول چڑھائے۔وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ گلگت آمد پر نگران وزیراعظم کو گارڈ آف آنرپیش کیا گیا ۔نگران وفاقی وزیرداخلہ سرفراز بگٹی اورنگران وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مرتضیٰ سولنگی، گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ چیف سیکرٹری گلگت بلتستان نے نگران وزیراعظم کو مختلف امور پر بریفنگ دی۔ نگران وزیراعظم نے سکول کے طلبا و طالبات سے بھی ملاقات کی اور انہوں نے طلبہ کے بنائے گئے مختلف ماڈلز کا معائنہ کیا۔انہوں نے طلبہ کی پینٹنگز، تعلیمی، سائنسی و توانائی سے متعلق ماڈلز میں گہری دلچسپی کا اظہارکیا اوربچوں کےماڈلز اورطلبا و طالبات کی صلاحیتوں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والے اساتذہ کی خدمات کوسراہا۔ انہوں نے ایک طالبہ کے سائنسی ماڈل کو سراہتے ہوئے اسے تعریفی سند دینے کی ہدایت کی ۔نگران وزیراعظم نے طلبہ سے موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے متعلق سوالات کئے۔ نگران وزیراعظم نے کہاکہ ہمارے بچوں میں سائنس کے میدان میں آگے بڑھنے کی مکمل صلاحیت موجود ہے۔علاوہ ازیں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان گلبر خان نے ملاقات کی اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کے حوالے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے وزیرِاعظم کو گلگت بلتستان میں سیاحت کی ترقی کیلئے حکومت کے منصوبوں سے بھی آگاہ کیا۔ وزیرِاعلی نے نگران وزیرِاعظم کو گلگت بلتستان کی روایتی پوشاک بھی پیش کی جبکہ نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ سے گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے ملاقات کی ہے۔ گورنر سید مہدی شاہ نے وزیرِاعظم کو گلگت بلتستان کے انتظامی امور اور امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے سینیٹر رانا مقبول احمد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیرصدارت گلگت بلتستان کابینہ کا اجلاس ہوا۔ نگران وزیراعظم کو گلگت بلتستان کے مختلف مسائل‘ ترقیاتی منصوبوں‘ امن و امان کی صورتحال‘ آئی ٹی‘ صحت‘ تعلیم اور دیگر شعبوں میں پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔ دیامر اور استور میں تعلیم کے شعبے کے توجہ طلب امور کے حل کے اقدامات‘ ماحولیاتی‘ سیاحتی شعبوں میں پیشرفت ‘ گندم کی کاشت‘ پیداوار پر سبسڈی پر بریف کیا گیا۔ گلگت بلتستان میں پن بجلی کی پیداوار کی حقیقی استعداد سے نگران وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا۔نگران وفاقی وزیر مرتضیٰ سولنگی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے جی بی کابینہ کے ارکان نے ملاقات کی۔ وزیراعظم سے تمام امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ جی بی میں گندم سبسڈی کا مسئلہ فوری حل کرنے کے احکامات جاری کئے گئے۔ یہاںکے بچے بہت قابل ہیں‘ مسائل حل ہوں تو درحقیقت پاکستان کے سر کا تاج ہوں گے۔ جی بی کے لوگوں نے خود لڑ کر آزادی حاصل کی۔ پاکستان کے ساتھ الحاق کیا‘ ذوالفقار علی بھٹو نے 1974ءمیں ایف سی آر کا قانون ختم کیا۔ فاٹا کی طرح جی بی کو بھی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں نمائندگی دینے کی ضرورت ہے۔