نواز شریف 21اکتوبر کو پاکستان پہنچیں گے
لندن (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی عام انتخابات اور نواز شریف کی وطن واپسی پر ہونے والی بیٹھک میں طے پایا ہے کہ (ن) لیگی قائد 21 اکتوبر کو پاکستان پہنچیں گے۔ شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ نواز شریف 21 اکتوبر کو پاکستان پہنچیں گے۔ نواز شریف نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا اور ملک سے بجلی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا۔ بھرپور مشاورت کے بعد فیصلہ ہوا ہے کہ 21 اکتوبر کو نواز شریف پاکستان پہنچیں گے۔ پورا پاکستان نواز شریف کی واپسی کا منتظر ہے۔ عام انتخابات کرانا الیکشن کمشن کا کام ہے۔ نئی مردم شماری کے تحت الیکشن کرانا ای سی پی کی ذمے داری ہے، وہ اپنی آئینی ذمے داری ادا کرے۔ نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں شہباز شریف، سلمان شہباز، حسن نواز، خواجہ محمد آصف اور دیگر رہنما موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں عام انتخابات سے متعلق حکمت عملی اور نواز شریف کی وطن واپسی کے امور‘ جنرل الیکشن سے متعلق پیپلز پارٹی کے موقف پر بھی غور کیا گیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ پورا پاکستان نواز شریف کا فقید المثال استقبال کرے گا۔ نواز شریف کی واپسی کے بعد ملک دوبارہ ترقی کرے گا۔ معیشت اور ملک اسی طرح ترقی کرے گا جہاں نواز شریف نے چھوڑا تھا۔ نواز شریف اقتدار سے محروم نہیں ہوئے عوام ترقی و خوشحالی سے محروم ہوئے۔ ذرائع کے مطابق وطن واپسی پر نواز شریف کو لاہور میں استقبالیہ دیا جائے گا۔ مختلف علاقوں میں نواز شریف کیلئے ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ شہباز شریف چند روز میں نواز شریف کے استقبال کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے پاکستان روانہ ہوں گے۔ ملک بھر سے لیگی کارکنوں کو لاہور پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ (ن) لیگ 21 اکتوبر سے ہی بھرپور عوامی رابطہ مہم شروع کر دے گی۔