جرمنی کا یوکرائن کو مزید 40 مارڈر انفینٹری لڑاکا گاڑیاں بھیجنے کا اعلان
برلن (اے پی پی)جرمنی نے یوکرائن کو مزید 40 مارڈر انفینٹری لڑاکا گاڑیاں (آئی ایف وی ، ٹینک) مہیا کرنے کا اعلان کیا ہے۔جرمن خبررساں ادارے کے مطابق جرمن حکومت نے دفاعی سازوسامان تیار کرنے والی کمپنی رائن میٹل کو یوکرائن کو مزید 40 مارڈر انفینٹری لڑاکا گاڑیاں مہیا کرنے کا آرڈر دیا ہے۔ اگست 2023 میں دیے گئے اس آرڈر کی مالیت کروڑوں یورو ہے۔ رائن میٹل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ ٹینک نما ان پرانی گاڑیوں کی مرمت کے لیے کام جاری رکھے ہوئے ہے اور اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ مارڈر آئی ایف وی کی جدید ترین کھیپ 2023 سے شروع ہونے والے معاہدے کے مطابق مہیا کی جا سکے۔اس سال ان اضافی 40 گاڑیوں کی ترسیل کے بعد یوکرین کو مہیا کی جانے والی مارڈر گاڑیوں کی کل تعداد 80 ہوجائے گی۔21مارچ 2023 کو کمپنی نے پہلے ہی یوکرین کو جرمن حکومت کے حکم پر پہلی بیس انفینٹری لڑاکا گاڑیاں بھیج دی تھیں۔ اس کے علاوہ ،رائن میٹل کو جون 2023 میں مزید بیس آئی ایف وی ٹینک تیار کرنے کا آرڈر دیا گیا تھا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ فی الحال ان کی مرمت کی جا رہی ہے اورپھر انھیں یوکرین روانہ کردیا جائے گا۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جو گاڑیاں مہیا کی جا رہی ہیں، وہ مارڈر 1 اے 3 سسٹمز سے لیس ہیں۔ یہ پہلے بنڈسویہر کمپنی کی ملکیت تھیں۔ موسم بہار 2022 کے اوائل میں ، رائن میٹل نے اپنے خرچ پر پیادہ فوج کی لڑاکا گاڑیوں کی فوری طور پر جنگی تیاری کی حالت میں بحالی شروع کی تھی۔رائن میٹل کے مطابق ، مارڈر گاڑیاں بہترین ٹیکٹیکل نقل و حرکت اورمتاثر کن فائر پاور کی حامل ہیں اور یہ جنگی خطرے والے علاقوں میں فوجیوں کو تیزی سے اور محفوظ طریقے سے منتقل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔