• news

راوی روڈ، بھتہ نہ دینے پر تاجر وحشیانہ تشدد کے بعد قتل

لاہور (نامہ نگار) راوی روڈ کے علاقے میں سبزی منڈی میں بھتہ خوروں نے بھتہ دینے سے انکار پر تاجر کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا اور فرار ہو گئے ہیں۔ پولیس نے پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ سبزی منڈی میں مسلح افراد نے سبزی کے تاجر بابر کو وحشیانہ تشدد کے بعد فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور فرار ہو گئے ہیں۔ بابر کو تین گولیاں ماری گئیں۔ قتل کی اس واردات سے وہاں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر فرانزک ٹیم کی مدد سے شواہد اکٹھے کئے اور لاش قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ مقتول بابر کے بھائی ناظم حسین کا کہنا ہے کہ بابر نے انجم اور پھجو راجہ کو بھتہ دینے سے انکار کیا تھا۔ جس پر ان کے نامعلوم ساتھیوں نے بابر کو بیہمانہ تشدد اور گولیاں مار کر قتل کر دیا ہے۔ جبکہ عینی شاہد جاوید یعقوب کا کہنا ہے کہ وہ سامنے آنے پر ملزمان کی شناخت کر سکتا ہے۔ اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی شناخت کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد لی جا رہی ہے، جلد ملزمان کا سراغ لگا کر انہیں گرفتارکر لیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن