• news

ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2024ئ‘ پاکستان بھارت ٹاکرا نیو یارک میں کرانے پر غور

لاہور(سپورٹس رپورٹر)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے آئندہ سال ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستام بھارت ٹاکرا نیو یارک کے سٹیڈیم میں منعقد کرائے جانے کا امکان ہے۔ویسٹ انڈیز اور امریکہ کی میزبانی میں کھیلے جانے والے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ 2024 میں صرف 10 ماہ کا وقت باقی رہ گیا ہے۔ آئی سی سی چاہتا ہے کہ میگا ایونٹ کے 17 میچز امریکہ میں منعقد کیے جائیں جس میں پاکستان اور بھارت کا میچ نیو یارک میں منعقد کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔آئی سی سی کے مطابق اس کی بڑی وجہ وہاں پر موجود ایشیائی تارکین وطن کی بڑی تعداد ہے جو میچ میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ تاہم نیو یارک میں یہ مقابلہ منعقد کرانا اس وقت اس لیے ناممکن ہے کیونکہ شہر میں آئی سی سی سٹینڈرڈز کے مطابق کوئی کرکٹ سٹیڈیم موجود نہیں ہے۔آئی سی سی کی گورننگ باڈی کا یہ ٹورنامنٹ ایسے ملک میں منعقد کرانے کا ارادہ ہے جہاں فرسٹ کلاس کرکٹ ریگولر بنیاد پر نہیں کھیلی جاتی۔ سہولیات کی عدم موجودگی کی وجہ سے اس میں مشکل پیش آسکتی ہے۔ اس معاملے میں براڈ کاسٹرز بھی بے بس دکھائی دیتے ہیں۔اس حوالے سے نیو یارک کے وین کورٹ لینڈ پارک میں 34 ہزار کی نشستوں پر مشتمل کرکٹ سٹیڈیم بنانے کا منصوبہ زیر غور ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ٹی 20 ورلڈکپ میں پاکستان بھارت ٹاکرے کیلئے وینیو اب تک طے نہیں ہوسکا ہے۔آئی سی سی آفیشلز نے کہا ہے کہ ویسٹ انڈیز اور امریکہ میں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2024 ءکے وینیوز کا اعلان آئندہ ماہ یا اس کے بعد متوقع ہے۔ امریکہ میں حالیہ لیگز کے انعقاد سے کچھ امیدیں روشن ہوئی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن