جڑانوالہ: پادری کا خود کو گولی مار کر بیرون ملک جانے کا منصوبہ بے نقاب
جڑانوالہ (نمائندہ نوائے وقت) پادری کا خود کو مبینہ طور پر گولی مار کر بیرون ملک جانے کیلئے رچایا جانے والا بڑا منصوبہ بے نقاب، ایک ہفتہ قبل پادری اظہر سندھو عرف وکی مسیح نے تھانہ صدر میں مقدمہ درج کراتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ سائل موٹر سائیکل پر سوار ہو کر فیصل آباد سے 71 گ ب واپس آ رہا تھا کہ راستہ میں خانوآنہ کے قریب باریش شخص نے فائرنگ کر کے اسے زخمی کر دیا اور فرار ہو گیا۔ وقوعہ کی اطلاع پر ایس ایس پی آپریشنز ڈاکٹر رضوان پولیس کی بھاری نفری کے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے تھے۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے شک کی بنا پر پادری کو شامل تفتیش کیا تو انکشاف ہوا کہ مدعی مقدمہ پادری وکی مسیح نے مبینہ طور پر خود کو گولی مار کر زخمی کیا اور ایک منظم سازش کے تحت چرچ کی دیوار پر تحریر لکھائی تھی یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ مدعی مقدمہ پادری وکی مسیح نے بیرون ملک جانے کیلئے منصوبہ رچایا تھا۔