پنجاب بھر میں اگیگا کی اپیل پر سرکاری ملازمین کے مظاہرے‘ ریلیاں‘ دھرنے
گوجرانوالہ‘ سیالکوٹ‘ پتوکی‘ ننکانہ‘ حافظ آباد (نمائندگان نوائے وقت + نمائندگان خصوصی + نامہ نگاران) اگیگا کی اپیل پر لیو انکیشمنٹ اور پنشن رولز میں تبدیلی کے خلاف پنجاب ٹیچرز یونین اور ایپکا سمیت سرکاری ملازمین نے ہڑتال کی۔ تعلیمی اداروں میں تعلیمی بائیکاٹ اور ڈی سی دفتر کے سامنے ملازمین نے احتجاجی دھرنا دیا۔ پنجاب حکومت کی طرف سے لیو انکیشمنٹ، پنشن رولز میں تبدیلی اور سکولوں کی پرائیویٹائزیشن کے خلاف آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس (اگیگا) کی اپیل پر منڈی بہاﺅ الدین میں پنجاب ٹیچرز یونین اور ایپکا سمیت سرکاری ملازمین نے ہڑتال کی۔ علاوہ ازیں سیالکوٹ میں محمد امتیاز طاہر پریس سیکرٹری اگیگا پنجاب آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ پنجاب کی کال پر ضلع سمیت پنجاب بھر کے دیگر اضلاع میں احتجاجی مظاہرے، ریلی و دھرنے ہوئے۔ سیالکوٹ میں پریس سیکرٹری اگیگا پنجاب محمد امتیاز طاہر، ڈاکٹر سرفراز گھمن صدر ہیڈ ماسٹر ایسوسی ایش امجد گھمن صدر اپیکا کی قیادت میں علامہ اقبال کالج فار بوائز پیرس روڈ سے ڈی سی آفس تک اساتذہ سمیت تمام صوبائی ملازمین نے احتجاجی ریلی نکالی اور ضلع کچہری چوک میں احتجاجی دھرنا دیا، جس میں سینکڑوں حاضر سروس ملازمین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں پتوکی میں گورنمنٹ کی طرف سے ر یٹائرمنٹ پر لیو انکیشمنٹ پر کٹ لگانے پر اساتذہ سراپا احتجاج بن گئے۔ لیو انکیشمنٹ پر کٹ لگانے اور سرکاری تعلیمی اداروں کی نجکاری اور اساتذہ کے دیگر مسائل کے حل کے لیے اگیگا کے پلیٹ فارم پر اساتذہ برادری نے ملتان روڈ پر احتجاجی مارچ اور ختم نبوت چوک ملتان روڈ پتوکی میں خطابات کئے۔ اساتذہ کی طرف سے گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول بھیڈیاں پتوکی سے احتجاجی مارچ شروع ہوا جس کا اختتام ختم نبوت چوک پر ہوا۔ ننکانہ صاحب میں بھی آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن (ایپکا) اور اگیگا ضلع ننکانہ صاحب کے زیر اہتمام لیو انکیشمنٹ، گریجویٹی اور پنشن کے قوانین کی تبدیلی کے نوٹیفکیشن کو واپس کروانے اور اپنے مطالبات کے حق کی منظوری کے لئے ضلع بھر کے ملازمین نے دفاتر کی تالہ بندی کرکے ڈپٹی کمشنر آفس ننکانہ صاحب کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا۔ دھرنا میں محکمہ لائیو سٹاک، ڈپٹی کمشنر آفس، ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوشن آفس، بلڈنگ، ایگریکلچر، محکمہ ہائی وے، پبلک ہیلتھ، کالجز، ایجوکیشن، اے ڈی ایل جی، ڈسٹرکٹ کونسل، میونسپل کمیٹیز، اسسٹنٹ کمشنر آفس، محکمہ صحت سمیت ضلع بھر کے محکموں سے ملازمین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ علاوہ ازیںگوجرانوالہ میں آل پاکستان گورنمنٹ ایمپلائیز ایسوسی ایشن کے تحت احتجاجی ریلی ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت کے آفس سے شروع ہو کر ڈی سی آفس پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ قیادت ڈویژنل صدر و مرکزی سینئرنائب صدر ایپکا میاں عبد الشکور، طاہر محمود بھٹی، وائس چیئرمین ایپکا پنجاب رانا جمشید احمد خاں، محمد اقبال گوندل، چیئرمین ایپکا گوجرانوالہ مقصود حسین، ڈویژنل جنرل سیکرٹری رانا منظور احمد، ملک افتخار احمد، محمد عارف کھوکھر، محمد آصف سعید دھلو ں، رانا ارشاد احمد مہر، محمد افضل اور دیگر نے شرکت کی۔ بلدیاتی سرکاری اداروں کے ہزاروں ملازمین کو درپیش مسائل، پنشن، گریجویٹی، لیو انکیشمنٹ وغیرہ کو حل نہ کیا گیا تو گوجرانوالہ ڈویژن سمیت پورے پنجاب و ملک بھر کے صحت و صفائی نکاسی آب و دیگر کام بند کر کے تمام دفاتر کو تالے لگا دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار آل پاکستان لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن رجسٹرڈ پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری مزدور قائد نصیرالدین ہمایوں ملک نے آل پاکستان لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن رجسٹرڈ پاکستان اور ایپکا کے زیر اہتمام گوجرانوالہ و پنجاب بھر کے بلدیاتی و سرکاری ملازمین کی سروس انکیشمنٹ، پنشن، گریجویٹی ختم کرنے کے خلاف میونسپل کارپوریشن جی ٹی روڈ شیخوپورہ موڑ سے نکالی گئی احتجاجی ریلی اور دھرنا کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ دریں اثناءاگیگا ضلع حافظ آباد کے زیر اہتمام لیو انکیشمنٹ اور پنشن مراعات پر ڈاکے کے خلاف احتجاجی جلسہ گورنمنٹ مسلم ہائی سکول حافظ آباد مےں منعقد ہوااور بعدازاں اساتذہ وسرکاری ملازمےن نے احتجاجی رےلی بھی نکالی جس کی قےادت اگےگا کے ضلعی چےئرمےن محمد ناصر امین اور صدر اگیگا نقیب نشاط نے کی۔ جلسہ مےں تمام محکمہ جات کی نمائندہ تنظیمات اورسپیشل ہیڈ فورم اور سینئر سٹاف ایسوسی ایشنز نے بھرپور شرکت کی جبکہ خواتین اساتذہ نے سکولز میں رہ کر سیاہ پٹیاں باندھی اور حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا کہ فوری طور لیو انکیشمنٹ اور پنشن مراعات میں ڈاکے کا نوٹیفیکیشن واپس لیا جائے۔