مسلم لیگ ن کے سینیٹر رانا مقبول انتقال کر گئے، نواز شریف کا اظہار افسوس
لاہور (نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر، سابق آئی جی سندھ رانا مقبول احمد گزشتہ روز لاہور میں انتقال کر گئے۔ وہ کچھ عرصے سے علیل اور 2روز سے لاہور کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ ان کا انتقال منگل کی صبح نجی ہسپتال میں ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق رانا مقبول احمد کی نماز جنازہ ان کے بیٹے کی بیرون ملک سے آمد پر ادا کی جائے گی۔ رانا مقبول احمد سندھ پولیس کے سابق آئی جی کے علاوہ پنجاب کے پراسیکیوٹر جنرل بھی تعینات رہے تھے۔ رانا مقبول احمد 2018ءمیں مسلم لیگ ن کی حمایت سے سینیٹر منتخب ہوئے تھے، جس کے بعد وہ سینٹ کی کابینہ کمیٹی کے چیئرمین بھی رہے۔ رانا مقبول احمد نے سینٹ آف پاکستان کے رکن کے طور پر فوجداری قوانین میں ترامیم کے حوالے سے خاصا کام کیا۔ دریں اثناءسابق وزیراعظم اور قائد مسلم لیگ ن نواز شریف نے رانا مقبول کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اللہ تعالیٰ ان کے درجات کو بلند کرے اور گھر والوں کو صبر جمیل عطا فرمائے۔