محکمہ اینٹی کرپشن، ایلیٹ فورس اہلکاروں نے 2 ٹریفک وارڈنز اغواءکر لئے
لاہور (نامہ نگار) محکمہ اینٹی کرپشن اور ایلیٹ فورس کے اہلکاروں نے مبینہ طور پر بااثر شخصیت کو روکنے پر دو ٹریفک وارڈنز کو اغواءکر لیا اور بعد ازاں سی ٹی او لاہور اور ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کی مداخلت پر اہلکار وارڈنز کو سڑک پر پھینک کر فرارہو گئے۔ ذرائع کے مطابق ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب وارڈن جاوید اور آصف نے شہری حسن کو روکا۔ انہوں نے ٹریفک لائسنس نہ ہونے پر چالان کرنے کے لئے حسن سے شناختی کارڈمانگا اور لائسنس بنوانے کاکہا اس دوران حسن کی فون کال پر 3سرکاری ڈالوں پر سوار اہلکار وہاں آئے۔ وہ اہلکار دونوں وارڈنز کو مبینہ طور پر اٹھا کر لے گئے۔ محکمہ اینٹی کرپشن اور ایلیٹ فورس کے اہلکاروں نے 2 گھنٹے تک وارڈنزکو حبس بے جا میں رکھا بعد ازاں سی ٹی او لاہور مستنصر فیروز اور ڈائریکٹر اینٹی کرپشن اےریجن کی مداخلت پر اہلکار، دونوں وارڈنزکو سڑک پر پھینک کر فرارہو گئے ہیں۔ دوسری جانب سی ٹی او مستنصر فیروز نے واقعہ کے بارے میں آئی جی پنجاب کو بھی آگاہ کر دیا ہے۔