• news

پاکستان، ترکیہ کے برادرانہ تعلقات ہمیشہ قائم رہیں گے، آرمی چیف: اردگان سے ملاقات

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر، نشان امتیاز (ملٹری) اس وقت جمہوریہ ترکیہ کے دورہ پر ہیں۔ دورے کا مقصد دونوں برادر ممالک کے مابین فوجی اور دفاعی تعاون کو بڑھانا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق آرمی چیف نے جمہوریہ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان، وزرائے خارجہ اور دفاع، ترک جنرل سٹاف کے کمانڈر اور ترکیہ کی بری اور فضائی افواج کے کمانڈروں سے ملاقاتیں کیں۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے ترک فوج کی کوششوں کو سراہا اور ترکیہ کی مسلح افواج کی آپریشنل تیاریوں کے معیار کی تعریف کی۔ ترک رہنماﺅں نے رواں سال فروری میں ترکیہ میں آنے والے زلزلے کے دوران پاکستانی آرمی انجینئرز کی پیشہ ورانہ خدمات کا بھی اعتراف کیا۔ آرمی چیف نے انقرہ میں ترکیہ کے عظیم رہنما مصطفی کمال اتاترک کے مزار پر حاضری دی اور پھول رکھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کی ترک لینڈ فورسز کے ہیڈ کوارٹرز آمد پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا جبکہ چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ آرمی چیف کو وزیر دفاع اور کمانڈر ترک لینڈ فورسز نے دونوں ممالک کے مابین دفاعی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے ان کی پیشہ ورانہ خدمات کے اعتراف میں لیجن آف میرٹ سے نوازا۔ اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعلقات مضبوط اور برادرانہ ہیں جو ہمیشہ قائم رہیں گے۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج ترکیہ کی بری افواج کو متعدد شعبوں میں مکمل تعاون فراہم کرنے کے لیے ہمیشہ تیار ہے۔ آرمی چیف کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ اپنے ترک بھائیوں کے ساتھ مصیبت اور خوشی کے لمحات میں کھڑا رہا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرتا رہے گا۔

ای پیپر-دی نیشن