• news

محسن نقوی کے حکم پر قبضہ گروپوں کیخلاف ایکشن، منشا بم گرفتار

لاہور (نیوز رپورٹر+نامہ نگار) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے زیر تعمیر اکبر چوک فلائی اوورز پراجیکٹ کا دورہ، کیا اور تعمیراتی کاموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ محسن نقوی نے منصوبے پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں اور منصوبے کے اطراف سڑکوں کی تعمیر کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے مزید بہتر انداز میں کام کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے منصوبے پر کام کی رفتار کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پراجیکٹ پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں روزانہ کی بنیاد پر اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ کمشنر و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا، چیف انجینئر اسرار سعید اور کنٹریکٹر نے پراجیکٹ پر کام کی رفتار کے بارے میں بریفنگ دی۔ بعدازاں نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی اکبر چوک پراجیکٹ کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ اکبر چوک پراجیکٹ تین چار ہفتوں میں مکمل کرلیا جائے گا۔ دریں اثناء محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں 9مئی اور جڑانوالہ کے واقعات سے متعلق امور پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے تین وزراء اور اعلی افسران پر مشتمل ٹیم کو جڑانوالہ کا دورہ کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی اور 9مئی کے واقعات پر لاہور کے تمام چالان تین روز میں پیش کرنے کا حکم دیا۔ اجلاس میں 9مئی کے ملزمان کے جیل میں روزانہ ٹرائل کے فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ جڑانوالہ میں 9 گرجا گھر وں کی تعمیر و تزئین مکمل ہو چکی ہے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے جڑانوالہ میں دیگر 13 گرجا گھروں کی تعمیر و بحالی دو ہفتے میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ علاوہ ازیں محسن نقوی نے پنجاب بھر کے تھیٹرز فوری طور پر کھولنے کا حکم دے دیا ہے۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اہم اجلاس میں وزیراعلیٰ نے تھیٹرز کو فی الفور کھولنے کا حکم دیا۔ اجلاس میں 150برس پرانے ڈرامہ ایکٹ 1876میں مجوزہ ترامیم پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں صوبائی وزیراطلاعات و ثقافت عامر میر نے وزیر اعلی محسن نقوی کو بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے چیک اینڈ بیلنس کو برقرار رکھتے ہوئے تھیٹرز کو کھولنے کی اجازت دی اور ہدایت کی کہ آرٹ اور کلچر کے فروغ پر فوکس کیا جائے۔ صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری اطلاعات و ثقافت، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈی آئی جی آپریشنز اور ڈپٹی کمشنر لاہور نے اجلاس میں شرکت کی۔ دریں اثناء نگران وزیر اعلی نے میاں مشتاق کی ہمشیرہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ علاوہ ازیں محسن نقوی نے ایل ڈی اے ون ونڈو سیل اور لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا۔ اور نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں 214 نئی ایمبولینس گاڑیاں محکمہ پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے سپرد کیں۔ وزیر اعلی نے ایل ڈی اے ون ونڈو سیل کے دورے کے موقع پر شہریوں سے ملاقات کی اور درخواستوں پر پراگرس کا پوچھا۔ شہریوں نے درخواستیں نمٹانے کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے شہریوں کی شکایات کے ازالے کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔ بعض سائلین نے منشا بم اور قبضہ مافیا کے خلاف شکایات کیں۔ وزیر اعلی محسن نے متاثرہ شہریوں کو کمیٹی روم میں بلایا اور ہر ایک کے مسئلے کو خود سنا۔ متاثرہ شہریوں نے منشا بم قبضہ مافیا کے خلاف شکایات کے انبار لگا دیئے۔ وزیراعلیٰ نے فوری ایکشن لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور کو ایل ڈی اے آفس بلایا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے فی الفور منشا بم اور دیگر قبضہ گروپوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا اور سی سی پی او لاہور اور ڈی جی ایل ڈی اے کو بلا تاخیر کارروائی کی ہدایت کی۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے کہا کہ متاثرین کو حق دلوائیں گے، کسی سے زیادتی نہیں ہو گی۔ منشاء بم اور اس طرح کے دیگر قبضہ مافیا سے قانون کے آہنی ہاتھوں سے نمٹاجائے گا۔قبضہ مافیا کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاو¿ن ہو گا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے ایل ڈی اے کے پورے سسٹم کو ڈیجٹلائزڈ کرنے کا پلان طلب کر لیا۔لاہور سے نامہ نگار کے مطابق وزیراعلیٰ کے حکم پر لاہور پولیس نے قبضہ مافیا کے خلاف کریک ڈاون شروع کردیا ہے۔ جوہر ٹاو¿ن کے علاقے سے بدنام زمانہ قبضہ گروپ کے سرغنہ منشاء بم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ یاد رہے معروف قبضہ گروپ ڈان منشاءبم پہلے کئی بار گرفتار ہو چکا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن