سی پیک کے تحت پاک‘ چین تعلقات کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے: صدر
اسلام آباد (شنہوا + نمائندہ خصوصی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت مختلف شعبوں میں چین کے ساتھ تعاون کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زیدونگ سے ملاقات میں صدر مملکت نے پاکستان کی ترقی کے لئے چین کی طویل مدتی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ چین -پاکستان دوستی کئی دہائیوں سے عوام کے دلوں میں منفرد اور گہری جڑ وں کی حامل ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان سی پیک کی تعمیر کو فعال طور پر فروغ دے گا اور زراعت، کان کنی، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دے گا تاکہ دونوں ممالک کے عوام مستفید ہوں۔ جیانگ نے کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت کی اسٹریٹجک رہنمائی کے تحت چین -پاکستان تعلقات نے اعلی سطح کی ترقی کو برقرار رکھا ہے، ہمہ جہت اور گہرا تعاون قائم کیا ہے جبکہ سی پیک کی تعمیر اعلی معیار کی ترقی کی جانب گامزن ہو چکی ہے۔ علاوہ ازیں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سرکاری اور نجی شعبوں میں خصوصی افراد کے لیے ملازمت کے کوٹہ پر عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی 10 سے 12 فیصد آبادی کو مختلف قسم کی معذوریوں کا سامنا ہے اور یہ سرکاری اور نجی شعبوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایسے افراد کو ان کی مہارت اور قابلیت کے مطابق ملازمت دیں تاکہ انہیں مالی طور پر بااختیار بنایا جا سکے۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار ایوان صدر میں منعقدہ معذوریوں کی درجہ بندی کے فریم ورک پر فالو اپ میٹنگ کے دوران کیا۔ اجلاس میں وزارت انسانی حقوق، خصوصی افراد کے حقوق کی کونسل (سی آر پی ڈی)، نادرا، نیوٹیک، چاروں صوبائی حکومتوں، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر کے نمائندوں اور عالمی ادارہ صحت کے نمائندے نے شرکت کی۔ صدر نے گزیٹڈ ملازمتوں میں خصوصی افراد کے لیے کوٹہ مخصوص کرنے کے لیے بھرتی کے موجودہ قوانین میں ترمیم کرنے پر زور دیا۔ بعدازاں تانگ چائنیز انٹرنیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹیکنالوجی (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے ڈائریکٹر اور سی ای او سونگ جیان ینگ کی قیادت میں ایک وفد نے ایوان صدر میں صدر مملکت سے ملاقات کی۔ انہوں نے پاکستانی نوجوانوں کے لیے تکنیکی اور ہنر مندانہ تعلیم پر پریزنٹیشن دی۔ سی ای او نے بتایا کہ تانگ چائنیز انٹرنیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹیکنالوجی (پرائیویٹ) لمیٹڈ نے 150 پاکستانیوں کو جدید ہنر مند تعلیم حاصل کرنے کے لیے چین بھیجا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ان کا ادارہ مزید پاکستانی نوجوانوں کو اسکالرشپ کی بنیاد پر چین بھیجے گا۔