• news

فرح گوگی، احسن جمیل گجر سمیت 17 افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری

اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ ) وفاقی کابینہ کی ذیلی کمیٹی برائے ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) نے فرح گوگی سمیت 17 افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری دے دی۔ وفاقی کابینہ کی ذیلی کمیٹی برائے ایگزٹ کنٹرول لسٹ کا اجلاس نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی، وزیرمواصلات و ریلویز شاہد اشرف تارڑ کے علاوہ وزارت داخلہ ، وزارت قانون اور دیگر اداروں کے افسران نے شرکت کی، اجلاس میں ای سی ایل سے متعلق مختلف نوعیت کے کیسز کا جائزہ لیا گیا۔کمیٹی نے17 افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری دی، یہ نام مختلف محکموں اور ایجنسیوں کی طرف سے بھیجے گئے تھے۔ذرائع کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ کی دوست فرحت شہزادی (فرح گوگی) اور ان کے شوہر احسن جمیل گجر کے نام بھی ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری دی گئی، نیب نے ان دونوں کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی تھی۔اجلاس میں7 مختلف نوعیت کے کیس ای سی ایل سے نکالنے کی سفارش بھی کی گئی، نظر ثانی کے لیے پیش کی گئی اپیلوں میں سے 5 افراد کے نام ای سی ایل سے نکالنے کی سفارش کی گئی۔ذیلی کمیٹی کی سفارشات حتمی منظوری کیلئے نگران وفاقی کابینہ کو بھیجی جائیں گی۔

ای پیپر-دی نیشن