محسن نقوی نے نرسنگ سٹوڈنٹس کی تعداد ڈبل کرنے کے پروگرام کا آغاز کر دیا
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیر اعلی محسن نقوی نے فاطمہ جناح انسٹیٹیوٹ آف مدر اینڈ چائلڈ اور گنگا رام ہسپتال کا اڑھائی گھنٹے طویل دورہ کیا۔ محسن نقوی نے مریضوں اور تیمارداروں کی شکایات اور نئی عمارت میں نقائص دیکھ کر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایم ایس ہسپتال، پراجیکٹ ڈائریکٹر اور ایکسیئن کی سرزنش کی اور تینوں کو سخت وارننگ دی۔ وزیراعلیٰ نے فاطمہ جناح انسٹیٹیوٹ آف مدر اینڈ چائلڈ کی ایمرجنسی، وارڈز سمیت 8فلور اور 2بیسمنٹ کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ ایک ایک فلور پر گئے اور فنشنگ کے کاموں کا جائزہ لیا۔ فاطمہ جناح انسٹیٹیوٹ آف مدر اینڈ چائلڈ کے ویٹنگ روم میں کرسیاں تھیں نہ بینچ، مریض خواتین زمین پر چادر بچھا کر بیٹھی ہوئی تھیں۔ محسن نقوی نے ایم ایس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مریض خواتین کے لئے ایمرجنسی 6ماہ سے آپریشنل ہے تو ویٹنگ روم میں کرسیاں نہ لگنے کا کوئی جواز نہیں۔ مریضوں کے تیماردار نومولود بچے دیکھنے کے لئے بھی زچہ و بچہ وارڈ کے باہر گارڈز اور آیا کو پیسے دینے پر مجبور تھے۔ مریضوں کے تیمارداروں نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کے سامنے شکایات کے انبار لگا دئیے۔ مریضوں سے پیسے لینے والے گارڈز اور آیا کو معطل کر دیا گیا اور وصول شدہ پیسے تیمارداروں کو واپس کئے گئے۔ انسٹیٹیوٹ کے کئی فلور کے خالی کمروں میں اے سی چل رہے تھے جبکہ ایمرجنسی کے بعض حصوں میں خواتین مریضوں کے لئے اے سی بند تھے۔ محسن نقوی نے بجلی کے بلوں کا ریکارڈ طلب کر لیا۔ نئی عمارت کی دیواروں اور چھتوں میں پانی کی لیکیج اور فرشوں پر بھی پانی موجود تھا۔ محسن نقوی نے پانی کی لیکج کا مسئلہ ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا حکم دیا۔ بعض مریضوں کے تیمارداروں نے بلڈ بنک سے مطلوبہ خون نہ ملنے کی شکایات کیں۔ محسن نقوی نے گنگارام ہسپتال بھی گئے اور مختلف وارڈز کا دورہ کیا اور مریضوں کی خیریت دریافت کی اور مفت ادویات کی فراہمی اور ٹیسٹ کی سہولت کے بارے میں پوچھا۔ ہسپتال کے کئی وارڈز میں نہ اے سی تھا اور نہ ہی پنکھے چل رہے تھے۔ وزیراعلی محسن نقوی نے ساندہ کی رہائشی خاتون کی درخواست پر اس کی زیر علاج بہن کو فوری طورپر آئی سی یو میں شفٹ کرنے کی ہدایت کی۔ گنگارام ہسپتال کے بعض اہم شعبوں کو فاطمہ جناح انسٹیٹیوٹ میں شفٹ کرنے کا پلان طلب کرلیا۔ محسن نقوی نے کالج آف نرسنگ جناح ہسپتال میں نرسنگ سٹوڈنٹس کی تعداد دوگنا کرنے کے پروگرام کا آغاز کیا۔ 2900 مزید نرسوں کے لئے 4سالہ کورس کی ایوننگ شفٹ شروع کرا دی گئی۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے نرسنگ سٹوڈنٹس کی تعداد مزید بڑھانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نرسنگ سٹوڈنٹس کے داخلے کا ایک برس ضائع ہوا ہے، ہم نے اجلاس کرکے فیصلہ کیا کہ نرسنگ سٹوڈنٹس کی تعداد بڑھائی جائے گی کیونکہ اندرون ملک کے ساتھ بیرون ملک نرسوں کی بہت ڈیمانڈ ہے۔ پہلے پالیسی تھی کہ نرسوں کو باہر نہیں جانے دینا۔ ہم نے 2900 مزید نرسوں کی تربیت کے لئے یہ پروگرام شروع کیا ہے اور نرسوں کے لئے بیرون ملک جانے پر این او سی 3روز میں جاری کرنے کی پالیسی بنائی ہے۔ ہماری حکومت نے اب تک تقریباً 800 نرسو ں کو بیرون ملک جانے کی اجازت دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نرسوں کو بیرون ملک جاب ملتی ہے تو حکومت پورا سپورٹ کرے گی۔ چھٹی سمیت تمام این او سی کا عمل 3روز میں مکمل ہوگا۔ نرسز باہر جائیں اور عزت سے کمائیں اور ملک کا نام روشن کریں۔ محسن نقوی سے اقوام متحدہ ڈویلپمنٹ پروگرام کے ریذیڈنٹ ریپریزنٹیٹو سموئیل رزک نے ملاقات کی جس میں پنجاب میں ترقی کے پائیدار اہداف کے حصول، تعلیم، صحت اور خواتین کو با اختیار بنانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں قدرتی آفات سے پیشگی آگاہی کے لئے لوکل ڈیٹا سسٹم کی تشکیل کی ضرورت پر اتفاق کیا گیا اور لوکل ڈیٹا کی تشکیل کیلئے اقوام متحدہ ڈویلپمنٹ پروگرام کی جانب سے تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔ ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ ماحولیاتی اور موسمیاتی تغیرات سے نمٹنے کیلئے باہمی اشتراک کار بڑھایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ یو این ڈی پی پنجاب میں ترقی اور بہتری کیلئے قابل اعتماد پارٹنر ہیں۔ غربت کے خاتمے اور عوام کے معیار زندگی کو بلند کرنے کیلئے پائیدار ترقی کیلئے کوشاں ہیں۔ انفراسٹرکچر، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بہتری کے لئے نجی شعبے کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔