داتا علی ہجویریؒ کے عرس پر مثالی انتظامات ،محکمہ اوقاف مبارکباد کے مستحق :راغب نعیمی
لاہور (خصوصی نامہ نگار)دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈا کٹر راغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ داتا علی ہجویریؒ کے عرس پر مثالی انتظامات کئے گئے۔ سالانہ عرس پر خصوصی انتظامات کرنے پر محکمہ اوقاف کے ذمہ داران مبارکباد کے مستحق ہیں۔ موجودہ حالات کے پیش نظر زائرین کے تحفظ کیلئے اورآمد ورفت کے حوالے سے لاہور انتظامیہ، پنجاب پولیس نے سکیورٹی کے معاملات کو احسن طریقے سے سرانجام دیا۔ عرس کے موقع پر علمی نشستیں پر بہت ثمرآور رہیں جن میں اعلیٰ پائے کے علماءکرام نے اپنے علمی خطابات سے زائرین کو نوازا۔ بہترین انتظامات پر لاہور انتظامیہ، پنجاب پولیس، محکمہ اوقاف اور دیگر ادارے مبارکباد کے مستحق ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز نعیمین ایسوسی ایشن کے عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈا کٹر راغب حسین نعیمی نے مزید کہاکہ حضرت داتا علی ہجویریؒ نے رنگ و نسل سے بالاتر ہو کر صرف محبت کا پیغام دیا۔ برصغیر میں حضرت داتا گنج بخش کی شخصیت ان برگزیدہ ہستیوں میں سرفہرست ہے۔ جنہوں نے اسلام کی تبلیغ و اشاعت میں تاریخ ساز کردار ادا کیا۔ آج دنیا میں انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے اور روادارانہ فلاحی معاشرے کی تشکیل کیلئے حضرت داتا گنج بخش اور ان جیسے دیگر صوفیاءکی تعلیمات پر عمل پیرا ہونا ہو گا۔