کینسر زدہ آئی پی پیز معاہدے پاورسیکٹر ،معیشت کو ڈبو سکتے ہیں:ڈاکٹر اختیار بیگ
کراچی(کامرس رپورٹر)ایف پی سی سی آئی کے سابق سینئرنائب صدر،یونائٹیڈ بزنس گروپ کے سیکریٹری اطلاعات اورپاکستان میں یمن کے اعزازی قونصل جنرل ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ نے کہا ہے کہ غیرملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں نئی سرمایہ کی جانب راغب کرنے کیلئے ضروری ہے کہ نگراں حکومت تشکیل شدہ سرمایہ کاری سہولت کونسل میں بزنس کمیونٹی کے ان نمائندوں کو شامل کرے جو پاکستان کی معاشی ترقی چاہتے ہوں اورانکے عالمی سطح پر سرمایہ کار اداروں سے مو¿ثر تعلقات بھی ہو ں۔ اس وقت ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت بہتر انفرا اسٹرکچر کے ساتھ بجلی،گیس کے ٹیرف کو کم کرے اور شرح سود میں بھی کمی کی جائے تاکہ غیرملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے راغب کیا جاسکے۔بجلی کے نرخوں میں کمی کیلئے نجی بجلی گھروں (آئی پی پیز)سے کئے معاہدوں کا ازسرنوجائزہ لیا جائے اور اپنی شرائط پر حکومت نئے معاہدے کرے کیونکہ یہ کینسر زدہ آئی پی پیز معاہدے پاکستان کے پاورسیکٹر اورمعیشت کو ڈبو سکتے ہیں اس لئے جلد سے جلد پاورسیکٹر میں اصلاحات لاکر ان معاہدوں کی تجدید پرنظرثانی کی جائے۔