• news

چینی قونصل جنرل کی ملاقات، سموگ کیخلاف تعاون خیر مقدم کرینگے: محسن نقوی

لاہور (نیوز رپورٹر) نگران وزیراعلی محسن نقوی سے چین کے قائم مقام قونصل جنرل چاو¿کی نے ملاقات کی، جس میں وزیراعلیٰ کے دورہ چین کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ قائم مقام چینی قونصل جنرل نے وزیراعلی کے دورہ چین کو اہم پیشرفت قرار دیا۔ دورہ چین کے دوران زرعی، انڈسٹریل اور آئی ٹی کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کا جائزہ لیا جائے گا۔ وزیراعلی محسن نقوی کی قیادت میں پنجاب کا وفد چین کے ون ونڈو آپریشن کا مشاہدہ کرے گا۔ محسن نقوی نے کہاکہ سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے چین کا ون ونڈو آپریشن سسٹم دنیا بھر میں بہترین ماڈل ہے۔ آئی ٹی سیکٹر میں نجی شعبے کے باہمی اشتراک کار کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔ زراعت کے شعبے اور سموگ سے نمٹنے کے لئے چین کے تعاون کاخیر مقدم کریں گے۔ چین کی زرعی یونیورسٹیوں کے پنجاب کی ایگریکلچرل یونیورسٹیوں اور کالجز سے الحاق کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ قائم مقام چینی قونصل جنرل نے کہا کہ دوستوں کے لئے دروازے کھلے رکھتے ہیں، پاکستانی دوستوں کا بھرپور خیرمقدم کریں گے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی اور ان کے وفد کے دورہ چین کے منتظر ہیں۔ علاوہ ازیں نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے زرعی شعبہ کے لئے بڑا اقدام کرتے ہوئے بیج اور نئی ورائٹی کی منظوری کے 2سال کے طویل عمل کو آسان اور فاسٹ ٹریک بنا دیا ہے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی کی ہدایت پر پنجاب سیڈ کونسل کے خصوصی اجلاس میں بیج اور ورائٹی کی منظوری کے عمل کو فاسٹ ٹریک اور بہتر بنایا گیا ہے۔ محسن نقوی نے کہا وفاقی حکومت کی خصوصی کمیٹی کی منظوری کے بعد اب پنجاب سیڈ کونسل سے بیج اور ورائٹی کی منظوری دوبارہ نہیں لینا پڑے گی۔ چیف منسٹر ایگری کلچر ریفارمز پروگرام کے تحت بیج اور نئی ورائٹی کی منظوری کیلئے اب سالوں انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔ بیج اور نئی ورائٹی کی منظوری کا پراسس فاسٹ ٹریک ہونے سے زرعی شعبہ تیزی سے پھلے پھولے گا۔ قبل ازیں بیج اور نئی ورائٹی کی وفاقی حکومت کی کمیٹی کی منظوری کے بعد دوبارہ منظوری کیلئے پنجاب سیڈ کونسل کے پاس آنا پڑتا تھا اور اس پورے عمل میں تقریباً2سال کا عرصہ لگتا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن