• news

آپریشن جاری: ڈیڑھ لاکھ بوری چینی برآمد ، بجلی، گیس چوری پکڑنے والی ٹیموں پر حملے

لاہور‘ فیروز والا‘ کراچی‘ گوجرانوالہ‘ شیخوپورہ (نامہ نگاران + کامرس رپورٹر+ نمائندگان خصوصی+ این این آئی) ملک بھر میں بجلی‘ گیس چوروں اور ذخیرہ اندوزوں کیخلاف آپریشن تیز کر دیا گیا ہے۔ پاکستان رینجرز سندھ نے خفیہ اطلاع پر بلدیہ ٹاﺅن میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران کراچی کے علاقے اسلام نگر بلدیہ ٹاﺅن، حب ریور روڈ پر واقع دو مختلف گوداموں سے مجموعی طور پر چینی کی ایک لاکھ 40 ہزار بوریاں برآمد کی گئی ہیں۔ ترجمان کے مطابق برآمد کی جانے والی چینی کی مالیت تقریباً ایک ارب روپے سے زائد بنتی ہے۔ ذخیرہ شدہ چینی مبینہ طور پر بلوچستان کے راستے افغانستان بھیجی جانی تھی۔ قبولہ میں قبولہ روڈ پر چک 75ای بی میں ایک گودام پر چھاپہ مار کر 2ہزار کے قریب ذخیرہ کی گئی چینی کی بوریاں برآمد کر لیں۔ ادھر ملک بھر میں بجلی چوروں کے خلاف کارروائیاں تیز کردی گئیں۔ سیکرٹری پاور ڈویژن راشد لنگڑیال کا کہنا ہے کہ بجلی چوروں سے ریکوری کی رقم 1 ارب 74 کروڑ 80 لاکھ روپے تک پہنچ گئی ہے۔ اس حوالے سے انہوں نے بتایا ہے کہ بجلی چوروں کے خلاف 5 ہزار 193 ایف آئی آرز درج کرائی جاچکی ہیں۔ دوسری جانب بہاولنگر، ننکانہ، احمد پور شرقیہ، شورکوٹ اور روجھان میں بھی کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد بجلی چور گرفتار کیے گئے ہیں۔ بجلی چوروں کےخلاف مقدمات درج کر کے ان کو بھاری جرمانے بھی عائد کیے جا رہے ہیں جبکہ متعدد نادہندگان کے بجلی کنکشنز منقطع کر کے ٹرانسفارمر ز اتار لیے گئے ہیں۔ ترجمان فیسکو کے مطابق حکومتی احکامات پر گلزار کالونی فیصل آباد میں بجلی چوری پر کنکشن کاٹنے ٹیم پہنچی تو ملزمان نے ان پر فائرنگ کردی۔ فیسکو اہلکاروں نے گاڑیوں کے پیچھے چھپ کر جان بچائی۔ ترجمان نے بتایاکہ ملزمان کے خلاف بجلی چوری اور ملازمین پر حملے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ فائرنگ کرنے والا نوجوان فرار ہوگیا جس پر پولیس نے اس کی والدہ کو حراست میں لے لیا۔ پنجاب، خیبر پی کے اور اسلام آباد میں گیس چوری کے خلاف کریک ڈاﺅن جاری ہے۔ سوئی ناردرن نے بڑی کارروائی کر کے مردان میں پانچ کلومیٹر طویل غیر قانونی نیٹ ورک پکڑلیا۔ ترجمان سوئی ناردرن کے مطابق پنجاب، خیبر پختونخواہ اور اسلام آباد میں مزید 241 گیس کنکشن منقطع کر دیئے گئے۔ اس کے علاوہ سوئی ناردرن نے بڑی کارروائی کر کے مردان میں پانچ کلومیٹر طویل غیر قانونی نیٹ ورک پکڑلیا۔ لاہور میں فارم ہاﺅس کا غیر قانونی گیس کنکشن منقطع، لاہور میں تجارتی مقاصد کے لیے گھریلو کنکشن کے استعمال پر گیس کنکشن منقطع کیا گیا۔ گیس چوری میں ملوث افراد سے 27 لاکھ روپے وصول کیے جائیں گے۔ پشاور اور مردان میں گیس کے غیر قانونی استعمال پر پچاس کنکشن منقطع کر دیے۔ راولپنڈی، اسلام آباد میں 19گیس کنکشن منقطع، گجرات، سیالکوٹ، سرگودھا میں گیس کے غیر قانونی استعمال پر43 گیس کنکشن منقطع، گوجرانوالہ، فیصل آباد، لاہور، ساہیوال میں 62 گیس کنکشن منقطع، بہاولپور، ملتان میں 49 گیس کنکشن منقطع کیا گیا۔ اسلام آباد میں سوئی سدرن گیس کمپنی نے گھریلو، کمرشل اور صنعتی صارفین پر مستقل بنیادوں پر چھاپوں کے ذریعے گیس چوری کے خلاف اپنی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ لاہور سمیت صوبہ بھر میں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاو¿ن جاری ہے‘ بجلی چوروں کے خلاف 24758 مقدمات درج کرتے ہوئے 15031 ملزمان گرفتار کئے گئے،بجلی چوروں کے خلاف10451 مقدمات چالان، 10062 زیر تفتیش ہیں۔ لاہور پولیس آپریشنز ونگ نے گذشتہ7 روز کے دوران بجلی چوری میں ملوث115 ملزمان گرفتار کئے۔مختلف کارروائیوں کے دوران کینٹ ڈویڑن پولیس نے 54، سول لائنز23، صدر 3، اقبال ٹاو¿ن 28 اور ماڈل ٹاو¿ن ڈویڑن پولیس نے7ملزمان گرفتار کئے۔ قصبہ شرقپورمیں گیس چوری کا نیٹ ورک پکڑنے والی ٹیم پر خواتین سمیت درجنوں افراد نے دھاوا بول دیا اور سوئی گیس کارپوریشن کی 2 گاڑیوں اور مشینری کو اپنے قبضہ میں لے لیا محکمہ سوئی گیس کی ٹیم پر حملہ وہاں پر پولیس کے بلائے جانے کے باو¿جود نہ پہنچنے کی وجہ سے ہوا پتھراو¿ کی وجہ سے سوئی گیس کارپوریشن کے 3 اہلکار زخمی ہوگئے جس پر سوئی گیس شیخوپورہ اور شاہدرہ کی مشترکہ ٹیم میں شامل افسروں اہلکاروں اور فنی عملے نے وہاں سے بھاگ کر اپنی جانیں بچائیں۔ شیخوپورہ میں سوئی ناردن گیس کارپوریشن لمیٹڈ کی شیخوپورہ اور شاہدرہ کی مشترکہ ٹیم نے ایگزیکٹیو انجینئر عمر اقبال کی نگرانی میں قصبہ شرقپور شریف میں چھاپہ مار کر سوئی گیس کی چوری کا طویل عرصہ سے چلنے والا نیٹ ورک پکڑ لیا جو نواز لیگ کے رہنماءحکیم محمد سلیم اللہ کی مدد سے چل رہا تھا اس نیٹ ورک کے ذریعے اب تک چوری ہونے والی سوئی گیس کی مالیت کا اندازہ کروڑوں روپے میں لگایا گیا ہے۔ گوجرانوالہ میں ضلعی انتظامیہ زخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کیخلاف ان ایکشن، وزیر آباد گوداموں میں غیرقانونی طور ذخیرہ کی گئیں چینی کی 1700 بوریاں برآمد، گودام سیل، مقدمات درج،قبضہ میں لی گئی چینی کو ایکس مل ریٹ پر قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد فروخت کیا جائے گا۔ سوئی سدرن گیس کمپنی نے گھریلو، کمرشل اور صنعتی صارفین پر مستقل بنیادوں پر چھاپوں کے ذریعے گیس چوری کے خلاف اپنی کارروائیاں تیز کر دی ہیں. واضح رہے کہ گیس کی چوری ادارے کی یو ایف جی یا لائن لاسز کی ایک بنیادی وجہ ہے۔ سوئی سدرن نے گیس چوروں کے خلاف گزشتہ ادوار میں731 ایف آئی آر درج کی گئیں۔ شہداد کوٹ کے مختلف علاقوں میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر شہداد کوٹ کے مطابق کارروائی کے دوران تین رائس ملوں سے تین لاکھ بوری گندم اور 15 ہزار بوری کھاد برآمد کر لی۔ مزید کارروائی جاری ہے۔

ای پیپر-دی نیشن