• news

مقبوضہ کشمیر: قابض فوج کا آپریشن جاری، ایک اور فوجی ہلاک، تعداد 4ہوگئی

سری نگر (کے پی آئی) جنوبی کشمیر میں بھارتی فوجی آپریشن جمعہ کو بھی جاری رہا اس دوران ہلاک ہونے والے بھارتی فوجیوں کی تعداد بڑھ کر 4 ہو گئی ہے جبکہ مزید دو بھارتی فوجی زخمی ہو گئے ہیں۔ سرینگر کے ایک فوجی ہسپتال میں بدھ کو کرناگ میں ایک حملے میں زخمی ہونے والا بھارتی فوجی اہلکار زخمیوں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گیا ہے۔ فوجی اہلکار بدھ کو جنوبی کشمیر کے ضلع اسلام آباد کے علاقے کو کرناگ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران ایک حملے میں زخمی ہو گیا تھا۔ اس حملے میں اب تک بھارتی فورسز کی ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر چار ہو گئی ہے جبکہ رجوری میں بھارتی فوج کے ایک ریٹائرڈ اہلکار سمیت 2 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہو گئے ہیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق راجوری، پونچھ ہائی وے پر ڈنڈیسر کے مقام میں ایک گاڑی کی ٹرک سے ٹکر کے نتیجے میں بھارتی فوج کا ریٹائرڈ اہلکار 45 سالہ محمد صغیر اس کی بیوی تبسم اور بیٹی غوثیہ شدید زخمی ہو گئے انہیں فوری طور پر سب ڈسٹرکٹ ہسپتال نوشہرہ لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے صغیر کو مردہ قرار دیا۔ ادھر سرینگر کے بلیوارڈ روڈ پر سڑک کے ا یک حادثے میں ایک کشمیری نوجوان معظم احمد بٹ جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔ دوسری جانب بھارتی فوج کے حمایت یافتہ ویلج ڈیفنس گارڈ کے ایک رکن نے اپنی بیوی کو گولی مار کر قتل کر دیا ہے۔ ویلج ڈیفنس گارڈ کے رکن یشپال نے جمعرات کو ضلع کے علاقے پترارہ میں اپنی سروس رائفل سے گولی مار کر اپنی بیوی 46 سالہ نیلم دیوی کو قتل کر دیا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماﺅں نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی ظلم و تشدد رکوانے اور تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطاق حل کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ 

ای پیپر-دی نیشن