افغان سرزمین پاکستان کے خلاف دہشتگردی کیلئے استعمال ہورہی ہے،خواجہ آصف
سیالکوٹ(آئی این پی)سابق وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف دہشتگردی کیلئے استعمال ہورہی ہے اور ٹی ٹی پی کابل کی اتحادی ہے،ایک بیان میں خواجہ آصف نے کہاکہ افغانستان کے ساتھ مسائل بہت سنجیدہ نوعیت کے ہیں، افغان سرزمین پاکستان کےخلاف دہشتگردی کیلئے استعمال ہورہی ہے،انھوں نے کہاکہ ٹی ٹی پی کابل کی اتحادی ہے، افغانستان کا فرض ہے وہ امن کی ضمانت اورفروغ یقینی بنائیں، خیرسگالی اورنیک خواہشات یکطرفہ نہیں ہوسکتیں،سابق وزیر دفا ع کا کہنا تھاکہ افغانستان کے ساتھ مسائل مریضوں کی آمدورفت اور تجارت تک محدود نہیں، مریضوں کے تیمارداروں کے لبادے میں دہشتگرد پاکستان آر ہے ہیں،لیگی رہنما نے کہا کہ پاکستان کی افواج اور شہری شہید ہورہے ہیں، پس منظر سامنے رکھنے کی ضرورت ہے۔