• news

گلگت بلتستان کا صوبہ زرداری کی وجہ سے بہتر ہوا: گورنر مہدی شاہ

لاہور (نامہ نگار)گلگت بلتستان کے گورنر مہدی شاہ نے صوبے کو آئینی حیثیت اور قومی اسمبلی و سینٹ میں نمائندگی دینے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ ہم اپنی کوشش اور خواہش سے پاکستان میں جنگ لڑ کر شامل ہوئے۔ ہم اپنی آئینی حیثیت چاہتے ہیں۔ مودی سو دفعہ کوشش کر لے ہم خود کو پاکستان سے جوڑے رکھیں گے۔ جب تک ہمیں ملک کے چاروں صوبوں کی طرح قومی اسمبلی و سینٹ میں نمائندگی نہیں مل جاتی، ہمیں وہ کچھ حاصل نہیں ہوسکتا جو دوسرے صوبوں کو حاصل ہے۔ ہمیں تو ابھی آئین کی دفعات کا کچھ پتہ نہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے بعد فیصل میر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر گلگت بلتستان مہدی شاہ نے کہا کہ سی ای سی کے اجلاس میں آئین کے تحت الیکشن کروانے پر زور دیا گیا اور 90 روز میں الیکشن کروانے کے مطالبے پر سب متفق ہیں۔ پاکستان میں چاروں صوبوں میں الیکشن کی گہما گہمی شروع ہو چکی ہے۔ صوبہ آصف علی زرداری کی وجہ سے بہتر ہوا، ہمیں ابھی تک وہ کچھ حاصل نہیں ہوا جو دوسرے صوبوں کو ہے۔ شہید بی بی نے وہاں چھوٹے الیکشن کروائے۔ میں گلگت کا پہلا وزیر اعلی بننے کا بھی اعزاز رکھتا ہوں، ہمارا 72 ہزار مربع میل کا علاقہ ہے۔ ہم اپنی آئنی حیثیت چاہتے ہیں اور توقع کرتے ہیں ہمیں کوئی آئینی صوبہ بنا سکتا ہے تو وہ پاکستان پیپلز پارٹی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن