گوجرانوالہ ‘کانسٹیبل نے تلخ کلامی پر تھانے کے اندر سب انسپکٹر کو قتل کر دیا
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) پولیس کانسٹیبل نے معمولی تلخ کلامی پر تھانے کے اندر ہی سرکاری اسلحہ سے فائرنگ کرکے سب انسپکٹر کو قتل کر دیا۔ بتایا گیا ہے تھانہ کھیالی میں تعینات پولیس کانسٹیل یونس اور سب انسپکٹر رانا شفیق کے درمیان معمولی تلخ کلامی پر جھگڑا ہوا تو طیش میں آنیوالے کانسٹیبل نے سرکاری اسلحہ سے فائرنگ کر دی جسکے نتیجے میں سب انسپکٹر رانا شفیق موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا اور محرر معجزانہ طور پر محفوظ رہا جبکہ تھانے کے اندر فائرنگ کرنیوالا ملزم سرکاری اسلحہ سمیت موقع سے فرار ہو گیا۔ واقعہ کی اطلاع پر اعلی پولیس حکام بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے ۔ پولیس نے مقتول سب انسپکٹر کی نعش کو ضروری کاروائی کے لئے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دیا اور واقعہ کی تحقیقات کیساتھ ملزم کی گرفتاری کے لئے ٹیم تشکیل دیدی ہے۔