انتخابات جلد چاہتے ہیں‘ کراچی حقیقی نمائندوں سے محروم ہے‘ خالد مقبول
کراچی (سٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے مرکزی الیکشن آفس میں رابطہ کمیٹی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ساتویں مردم شماری بھی مکمل ہو گئی ہے ہمیں امید ہے صاف و شفاف انتخابات کرانے میں نگراں حکومت اپنا کردار ادا کرے گی ایم کیو ایم جلد از جلد انتخابات کرانے کی خواہش رکھتی ہے کراچی طویل عرصے سے اپنے حقیقی نمائندوں سے محروم ہے ایم کیو ایم کی طاقت عوام کی پذیرائی ہے ہمارے خلاف بڑے بڑے پروپیگنڈے کو عوام نے مسترد کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اب جعلی جمہوریت کا متحمل نہیں ہو سکتا بلکہ ایک شراکتی، حقیقی اور عوامی امنگوں کی ترجمان جمہوریت ناگزیر ہے گزشتہ 35سالوں میں ہر طرح کے برے حالات میں عوام کا تعاون ہمارا سب سے بڑا حوصلہ ہے حالات کسی بھی قسم کے رہے ہوں عوام نے ہمارا ساتھ نہیں چھوڑا ہم اپنے حصے کا انقلاب لاچکے ہیں جب ہمیں الیکشن میں حصہ لینے کا موقع ملا ہم نے مڈل کلاس طبقے کو اسمبلیوں میں پہنچایا ہم نے ماڈل پیش کر دیا کہ غریب و متوسط طبقے کے لوگ اسمبلیوں میں جا سکتے ہیں، مڈل کلاس طبقے کے تعلیم یافتہ لوگ آگے آئیں آپ حوصلہ دکھائیں گے تو آپکے علاقوں کے لوگ بھی حوصلہ دکھائیں گے ہماری کوشش ہے کہ اس بار زیادہ سے زیادہ مڈل کلاس طبقے کے لوگ اسمبلیوں میں پہنچیں۔ انکا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے پلیٹ فارم سے انتخابات میں حصہ لینے کے خواہشمند افراد کے لیے بہادر آباد کے دفتر، مرکزی الیکشن آفس اور ویب سائٹ پر آن لائن فارم بھرنے کی سہولت موجود ہے اور تمام صوبوں میں موجود ایم کیو ایم کے دفاتر میں درخواستیں وصول کرنے کے لیے فارم بھیج رہے ہیں، اس موقع پر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے انتخابات میں حصہ لینے والے چند امیدواروں کے ناموں کا اعلان بھی کیا۔ جس میں بلدیہ ٹاو¿ن این اے 249 سے سینئر ڈپٹی کنوینر سید مصطفی کمال، این اے 236 سے اقبال محسود، این اے 243 سے ہمایوں عثمان پی ایس 112 سے ملک فیاض خان جبکہ میٹروول این اے 250 سے ایڈوکیٹ سید حفیظ الدین کے ناموں کا اعلان کیا گیا۔اس موقع پرسینئر ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ملک بھر سے جوایم کیو ایم کے امیدوار بننا چاہتے ہیں وہ لوگ ہماری ویب سائیٹ سے بھی فارم بھر کر جمع کروا سکتے ہیں ہمیں امید ہے کہ نوجوان طلبہ و طالبات آگے آکر فارم بھریں گے، انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کو نوجوان طلبہ نے بنایا انشا اللہ آگے چل کر اس ملک کی باگ ڈور 35 سال سے کم عمر نوجوان سنبھالیں گے۔