• news

تحفظ مراکز کارکردگی کی وجہ سے برینڈ پراجیکٹ بن چکے ہیں:آئی جی

لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس کے تحفظ مراکزخدمت انسانیت میں اپنی کارکردگی کی وجہ سے برینڈ پراجیکٹ بن چکے ہیں اور صوبے کے تمام اضلاع میں مسائل اور مشکلات کا شکار خواتین، بچوں، ٹرانسجینڈرز اور دیگر کمزور طبقوں کو بھرپورسماجی تحفظ فراہم کررہے ہیں۔پنجاب پولیس شہریوں کی جان ومال کے تحفظ، جرائم کے قلع قمع کےساتھ ساتھ مشکلات کے شکار شہریوں کی مدد و حفاظت کےلئے اقدامات کو جاری رکھے گی اور تحفظ مراکز کے پلیٹ فارم سے ترجیحی اقدامات جاری رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہا ر آئی جی پنجاب نے سنٹرل پولیس آفس میں تحفظ مرکز حافظ آباد کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔بہترین کارکردگی پر تحفظ مرکز حافظ آباد کے اعزاز میں سنٹرل پولیس آفس میں تقریب منعقد کی گئی، فوکل پرسن تحفظ مرکز حافظ آباد ڈی ایس پی جمیل قیصر اپنی ٹیم اور مستحق بچوں و فیملیز کے ہمراہ سنٹرل پولیس آفس آئے، آئی جی پنجاب نے سینئر پولیس افسران کے ہمراہ معصوم بچوں کےساتھ وقت گزارا۔انہوںنے کہاکہ پولیس تحفظ مرکز حافظ آباد معصوم بچوں، غریب فیملیز اور تشدد کا شکار خواجہ سراو¿ں کا سہارا بن چکے ہیں ۔ آئی جی پنجاب نے انچارج تحفظ مرکز حافظ آبادکو 2 لاکھ، وکٹم سپورٹ افسر اور دیگر 2 سٹاف ممبران کو ایک لاکھ روپے انعام دیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن