مانانوالہ: دیرینہ دشمنی پر مخالفین کی فائرنگ سے ایک شخص قتل
مانانوالہ (نامہ نگار) دیرینہ دشمنی پر مخالفین نے فائرنگ کر کے میونسپل کمیٹی مانانوالہ کے سابق سب انجینئر مرزا عابد طفیل بیگ کے قتل کے مدعی مرزا مقصود احمد کو قتل کر دیا۔ آپس کی دشمنی کے نتیجے میں اب تک دونوں گروپوں کے پانچ افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق مرزا مقصود احمد بیگ جو کہ اپنے بھانجے مرزا عابد طفیل بیگ کے قتل کیس کی پیروی کر رہا تھا کہ مخالف گروپ کے عدنان عرف دانی اور محمد زبیر بیگ وغیرہ نے مکان کے عقب سے چھت پر سوئے ہوئے مرزا مقصود بیگ پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر ضروری کارروائی کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے تاہم کوئی ملزم گرفتار نہیں ہو سکا۔