یوٹیلٹی سٹورز سے 140روپے کلو چینی ملے گی: محسن نقوی
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ تھری پراجیکٹ کا دورہ کیا اور بحریہ ٹاو¿ن میں سے گزرنے والے پراجیکٹ کے روٹ کا تفصیلی معائنہ کیا۔ محسن نقوی نے گرینڈ مسجد بحریہ ٹاو¿ن سے اڈہ پلاٹ تک منصوبے کے ارتھ ورک کا جائزہ لیا۔ ارتھ ورک کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اضافی وسائل اور ضروری مشینری لگا کر ارتھ ورک کو مکمل کیا جائے۔ محسن نقوی نے کہا کہ رنگ روڈ سدرن لوپ تھری کی تکمیل سے عوام کو آمد و رفت کی بہترین سہولتیں ملیں گی۔12 سال کے طویل عرصے کے بعد اس منصوبے کا آغاز کیا گیا ہے۔ ملتان روڈ اورٹھوکر نیاز بیگ پر ٹریفک کا لوڈ کم ہو گا - لاہور کی ٹریفک بہترین طریقے سے ریگولیٹ ہو گی۔ محسن نقوی نے کہا کہ لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ تھری ایک بڑا منصوبہ ہے، پوری کوشش ہے کہ بروقت مکمل ہو۔ امید ہے کہ منصوبہ 31 دسمبر تک مکمل ہو جائے گا۔ لاہور رنگ روڈ مکمل ہونے سے پورے شہر کی ٹریفک کا مسئلہ حل ہو گا۔ بند روڈ پراجیکٹ پر کام شروع ہو رہا ہے جس سے شہریوں کو آمدو رفت میں بہت آسانی ہو گی۔ کوشش کر رہے ہیں، کوشش ہی ہمارے بس میں ہے باقی کام اللہ تعالی بہتر کرے گا۔ اورنج لائن میٹرو ٹرین اور میٹرو بس پر طلباءوطالبات کے لئے فری سفر کی سہولت فراہم کر دی ہے۔ عالمی منڈی میں تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے طالب علموں پر بہت زیادہ بوجھ آ رہا ہے۔ تیل بہت مہنگا ہوا ہے لوگ پبلک ٹرانسپورٹ پر سفر کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔ پبلک ٹرانسپورٹ کی تعداد بڑھانے کے لئے پرائیویٹ سیکٹر کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے کار اور موٹر سائیکل سوار پریشان ہیں۔ تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود میٹرو بس کے کرائے میں اضافہ نہیں کیا۔ بیشتر میٹرو بسوں کے اے سی ٹھیک ہو چکے ہیں۔ میٹرو بس سٹیشنز پرپانی بھی مہیا نہیں تھا، سٹیشنز کی بری حالت تھی، اب صورتحال بہت بہتر ہے۔ ادھر محسن نقوی نے شہریوں کو عالمی معیار کی تفریحی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے لاہور چڑیا گھر اور سفاری پارک کی اپ گریڈیشن کی منظوری دے دی ہے۔ جس کے تحت لاہور چڑیاگھر اور سفاری پارک میں نئے جانور اور پرندے لائے جائیں گے۔ پانڈا، دریائی گھوڑا، گینڈا، افریقن کبوتر، کالا جیگوار، پوما، چلتن مارخور سمیت دیگر جانوروں اور پرندوں کا چڑیا گھر اورسفاری پارک میں اضافہ کیا جائے گا۔ اژدھا اورسانپ کی نئی اقسام بھی لاہور چڑیا گھر میں لائی جائیں گی۔ سفاری پارک میں ہاتھی،گینڈا، زرافہ، زیبرا، شتر مرغ اور ہرن کی مختلف اقسام کا اضافہ کیا جائے گا۔ لاہور چڑیا گھر اور سفاری پارک میں ایکوریم میں 142اقسام کی سمندری حیات بھی رکھی جائیں گی اور جانوروں کے لئے عالمی معیار کے پنجرے بنائے جائیں گے۔ سفاری پارک میں افریقن زون، ڈیزٹ اور سالٹ رینج بنائے جائیں گے اور نائٹ سفاری شروع کی جائے گی۔ محسن نقوی نے لاہور چڑیا گھر اور سفاری پارک میں ای ٹکٹنگ سسٹم متعارف کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ لاہور چڑیا گھر اور سفاری پارک کو انٹرنیشنل سٹینڈرڈ کے مطابق اپ گریڈ کیا جائے گا۔محسن نقوی نے صوبہ بھر میں عوام کو سستی چینی یوٹیلٹی سٹورز کے ذریعے مہیا کرنے کے فیصلے کی منظوری دے دی۔ نگران وزیراعلی کی زیرصدارت اجلاس میں بتایا گیا کہ حکومت پنجاب یوٹیلٹی سٹور کے ذریعے عوام کو140روپے کلو چینی فراہم کرے گی۔ پنجاب بھر میں 2100 یوٹیلٹی سٹور اور ساڑھے سات سو فرنچائزڈ یوٹیلٹی سٹور پر چینی دستیاب ہو گی۔ چینی کی خریداری میں شفافیت کے لئے اصل کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ ساتھ لانا ہو گا۔ ہر خاندان ایک ماہ میں 5کلو چینی حاصل کر سکے گا۔ یوٹیلٹی سٹورز پر چینی کی فراہمی کا عمل چند روز میں شروع ہو جائے گا۔محسن نقوی نے لبرٹی پولیس خدمت کے توسیعی منصوبے کا افتتاح کیا اور خدمت مرکز کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ محسن نقوی نے کہاکہ کرائم کے سوا باقی سارے معاملات خدمت سنٹر میں حل کئے جائیں گے۔ لبرٹی خدمت سنٹر کی توسیع کی گئی ہے تاکہ کم وقت میں زیادہ سے زیادہ عوام کو ریلیف مل سکے۔