• news

جسٹس فائز آج چیف جسٹس پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے

اسلام آباد (اعظم گِل/خصوصی رپورٹر) چیف جسٹس عمر عطاءبندیال گزشتہ روز ریٹائرڈ ہوگئے ہیں۔ جبکہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ چیف جسٹس کے عہدے کا آج حلف اٹھائیں گے۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف صدراتی ریفرنس بھجوانے والے صدر علوی ان سے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف لینگے۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ 26 اکتوبر 1959ءکو کوئٹہ میں پیدا ہوئے، وہ تحریک پاکستان کے صف اول کے رہنما قاضی محمد عیسیٰ کے بیٹے اور پاکستان بننے سے پہلے قلات کے وزیراعظم قاضی جلال الدین کے پوتے ہیں۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ 5 اگست 2009ءکو براہ راست بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کے عہدے پر فائز ہوئے اور 5ستمبر 2014ءکو سپریم کورٹ میں بطور جج عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اپنے فیصلوں میں ہمیشہ ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی پر زور دیا۔ جسٹس قاضی فائزعیسیٰ اپنے اہم فیصلوں کے حوالے سے شہرت رکھتے ہیں جن میں میموگیٹ کمشن، سانحہ کوئٹہ انکوئری کمشن 2016ئ، فیض آباد دھرنہ کیس، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے بہت سے اہم فیصلے دئیے میں جن میں عدلیہ سمیت کسی بھی ادارے کیلئے محترم کا لفظ استعمال نہ کرنے کی آبزرویشن دینا، خواتین کے وراثتی حقوق، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اکیسویں آئینی ترمیم کیس میں سویلنز کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل کو بھی غیر آئینی قرار دیا ، اپنی عدالتی کیرئیر میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اپنے حکمناموں میں سپریم کورٹ میں بنچز کی تشکیل، چیف جسٹس کے اختیارات اور مقدمات کے مقرر کرنے کے طریقہ کار کے خلاف بھی لکھا ، تاہم پی ٹی آئی کی حکومت میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو عہدے سے ہٹانے کیلئے صدارتی ریفرنس بھی دائر کیا گیا جسے نظرثانی میں اکثریت سے کالعدم کر دیا گیا۔ جسٹس قاضی فائز عیسی کو ایک عرصے سے اہم مقدمات میں شامل نہ کرنے کے حوالے سے وکلاءکے تحفظات بھی سامنے آتے رہے تاہم دوسری جانب عدالتی فیصلوں اور عدالت کے باہر مختلف احکامات دینے کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بھی بنتے رہے ہیں۔ سپریم کورٹ کے ججز میں اختلافات ختم کرنا، بنچز کی تشکیل، مقدمات کو مقرر کرنے کا طریقہ کار طے کرنا، عدالت عظمیٰ میں زیر التواءمقدمات کے بڑھتے ہوئے بوجھ کو کم کرنا,184(3) کے استعمال کا طریقہ کار بنانا اور ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال میں عدلیہ کے وقار کو بحال کرنا جیسے اقدامات جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے لئے بطور چیف جسٹس آف پاکستان بڑے چیلنجز ہوں گے۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا بطور چیف جسٹس پاکستان دور بہت مختصر ہوگا وہ 25 اکتوبر 2024ءکو عہدے سے ریٹائر ہو جائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن