• news

سائفر گمشدگی کیس: عمران کی درخواست ضمانت، اسلام آباد ہائیکورٹ کل سماعت کرے گی

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سائفرگمشدگی کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی درخواست ضمانت اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی۔ چیف جسٹس عامر فاروق درخواست پر سماعت کریں گے۔ عمران خان نے بیرسٹر سلمان صفدر ایڈووکیٹ کے توسط سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں سائفر گمشدگی کیس میں درخواست ضمانت دائر کی ہے۔ جس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے پیر کو استدعا کی گئی کہ انہیں ضمانت پر اٹک جیل سے رہا کیا جائے۔ درخواست میں مو¿قف اپنایا گیا ہے کہ استغاثہ نے بدنیتی پر مبنی مقدمہ درج کیا، 14 ستمبر کو آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت نے درخواست ضمانت مسترد کی۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ خصوصی عدالت کی جانب سے بے ضابطگیوں اور استغاثہ کے متعدد تضادات کو مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ان کی درخواست کو سماعت کے لئے مقرر کر دیا ہے۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق پیر کو درخواست کی سماعت کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن