بی آر ٹی کے کرایوں میں اضافے، اطراف کی دکانوں پر ٹیکس لگانے کی تجاویز مسترد
پشاور(این این آئی)نگراں حکومت خیبرپختونخوا نے بی آر ٹی کے کرایوں میں اضافے اور اطراف کی دکانوں پر ٹیکس لگانے کی محکمہ خزانہ کی تجاویز مسترد کر دیں۔ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت بی آر ٹی کو سالانہ 2 ارب روپے کی سبسڈی دے رہی ہے، بی آر ٹی کے ذریعے یومیہ 3 لاکھ سے زائد افراد سفر کرتے ہیں۔محکمہ خزانہ نے تجویز دی تھی کہ بی آر ٹی کے کرائے میں 5 روپے کا اضافہ کیا جائے اور کوریڈور کے اطراف میں دکانوں پر ٹیکس لگایا جائے۔ محکمے نے کہا تھا کہ قانون کے تحت بی آر ٹی کے اطراف میں دکانوں پر ٹیکس لگایا جاسکتا ہے، کرایوں میں اضافے اور ٹیکس لگانے سے بی آر ٹی منافع بخش منصوبہ بن جائے گا۔