کوئٹہ آپریشن میں شہید صوبیدار قیصر رحیم فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) کوئٹہ کے علاقے ولی تنگی میں دہشتگردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت پانے والے صوبیدار قیصر رحیم کی نماز جنازہ شہید کے آبائی علاقے کوٹ ادو میں ادا کر دی گئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق شہید کی نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں عسکری و سول حکام، شہید کے عزیز واقارب اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ہمارے شہداءکی یہ قربانیاں دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں ہمارے حوصلے اور عزم کو تقویت دیتی ہیں۔