حکومت بجلی چور مافیا کےخلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا : محمد علی
اسلام آباد(نا مہ نگار)نگران وفاقی وزیر برائے توانائی، بجلی اور پٹرولیم محمد علی نے یقین دلایا ہے کہ نگران حکومت ملک میں بجلی چور مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور بجلی چوروں سے ملی بھگت کے مجرم ثابت ہونے والے کسی بھی شخص کو معاف نہیں کرے گی۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آئیسکو نے سخت ہدایات کے ساتھ تمام حلقوں میں بجلی چوروں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کریک ڈان شروع کر دیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم ضلعی سطح پر تمام متعلقہ محکموں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ بجلی چوروں کے خلاف کارروائیوں کا عمل تیزی سے کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ متعلقہ محکموں کے تعاون سے بجلی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈان جاری رہے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بجلی چوروں اور بل ادا کرنے سے انکار کرنے والوں کی وجہ سے دوسروں کو زیادہ بل ادا کرنے پڑتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں ان طریقوں کو اس امید کے ساتھ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ صارفین کیلئے بجلی کی قیمتیں کم ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے بجلی سے متعلق محکموں کے انتظام کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کی ہے، ہم ان کے بورڈ آف گورنرز کو دیکھ رہے ہیں اور انتظامیہ میں تبدیلیاں کریں گے۔ ایک اور سوال کے جواب میں نگران وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت نے چوری میں ملوث افسران کی فہرست تیار کر لی ہے، ملوث افسران کو تبدیل کیا جا رہا ہے اور انہیں فیلڈ ملازمتوں سے ہٹا دیا جائے گا۔انہوں نے پاور سیکٹر میں ترجیحی بنیادوں پر اصلاحات لانے اور توانائی کے شعبے میں اصلاحات کی اہمیت کو اجاگر کرنے پر بھی زور دیا کہ ملک کی اقتصادی ترقی کے لیے توانائی کے شعبے میں اصلاحات بہت ضروری ہیں۔