وزیرآباد میں غیرمعیاری کھانا کھانے سے دو طالبات جاں بحق
وزیرآباد(نا مہ نگار) غیر معیاری کھانا کھانے کے سبب مبینہ طور پر دو طالبات جاں بحق،دونوں بچیاں کالج سے واپس آکر دوپہر کو کھانا کھانے کے بعد علیل ہو گئیں، ہسپتال منتقل کیا گیا، جانبر نہ ہو سکیں ۔موضع پھانگٹ کی رہائشی نجی کالج کی طالبات چھٹی ہونے کے بعد گھر پہنچ کر مبینہ طور پر غیر معیاری کھانا کھانے کے بعد فوڈ پوائزننگ کا شکار ہو گئیں۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ سال اول اور سال دوم کی طالبات دونوں کزنز آمنہ الیاس،رامین امانت کالج واپسی پر گھر پہنچیں تو گھر میں موجود کھانا کھانے کے بعد دونوں کی طبیعت خراب ہو گئی ۔خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ کہیں سالن میں چھپکلی وغیرہ گر گئی جس کے سبب دونوں کو فوڈ پوائزننگ ہوئی ،دونوں بچیوں کو علاج کی غرض سے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال وزیرآباد منتقل کیا گیا جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال گوجرانوالہ منتقل کردیا گیا لیکن دوران علاج دونوں چل بسیں ،دونوں بچیاں آپس میں ماموں اور پھو پھوزاد بہنیں تھیں اور ایک ہی کالج میں زیر تعلیم تھیں دونوں کی نماز جنازہ ان کے آبائی گا¶ں پھانگٹ میں ادا کر دی گئی ۔