• news

مہنگائی نے عوام کو چھت، دو وقت کی روٹی سے محروم کر دیا: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ مہنگائی نے عوام کو چھت، کپڑوں اور دو وقت کی روٹی سے محروم کر دیا۔ پی ٹی آئی، پی ڈی ایم، پیپلز پارٹی اور نگران حکومت آئی ایم ایف کی غلامی میں ایک پیج پر ہیں، تمام سیاسی جماعتوں کی نااہلی سامنے آ چکی۔ پاکستان میں پائیدار ترقی کے لیے جماعت اسلامی ضروری ہے، اب خاموشی موت ہے۔ حق کے لیے گھر وں سے نکلنا ہوگا، پٹرول بجلی کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف آج 18ستمبر سے پشاور میں گورنرہاو¿س کے باہر دھرنا ہو گا۔ امیر جماعت نے حکومت پر واضح کیا کہ جماعت اسلامی مہنگائی میں کمی تک مظاہرے جاری رکھے گی اور پہیہ جام ہڑتال کا بھی اعلان کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے تیمرگرہ دیرپائن میں علماءکنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر ضلع اعزاز الملک افکاری، صدر اتحاد العلمائ خیبربختونخوا مولانا اسد اللہ اور مفتی امتیاز مروت بھی اس موقع پر موجود تھے۔ امیر جماعت نے علمائے کرام کو ملک میں امن اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے کردار ادا کرنے کی بھی اپیل کی۔ امیر جماعت نے کہا کہ مہنگی بجلی، پٹرول کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ اور جان لیوا مہنگائی کے خلاف احتجاجی تحریک کے دوسرے مرحلے میں21 ستمبر کو لاہور، 24 ستمبر کوئٹہ، 6اکتوبر کو کراچی کے گورنر ہاو¿س کے باہر دھرنا دیں گے اور حکومت کو مجبور کریں گے کہ وہ عوام کو ریلیف دے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت نے بجلی کے بعد پٹرول کی قیمتوں میں مزید اضافہ کر دیا۔ اب ایک اور پروگرام تیار کر لیا گیا ہے جس کے تحت 45فیصد گیس کی قیمتوں میں اضافہ کیا جائے گا۔ روس سے سستے تیل کا ڈھنڈورا پیٹنے والے بتائیں کہ وہ تیل کے بڑے بڑے بحری جہاز کہاں گئے؟۔ پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ سے اشیائے خورونوش کے ریٹ بھی بڑھ رہے ہیں، عوام کے لیے سانس لینا دشوار ہو گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن