وفاقی وزیر مذہبی امورسے مسیحی کیتھولک کارڈینل ڈاکٹر جوزف کوٹس کی ملاقات
اسلام آباد(نا مہ نگار)وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی انیق احمد نے مسیحی کیتھولک کارڈینل ڈاکٹر جوزف کوٹس سے ملاقات کی۔ ملاقات میں بین المذاہب ہم آہنگی، پاکستانی اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا کہ دنیا کا کوئی بھی مذہب ہو، سب امن و آشتی اور بھائی چارے کی بات کرتے ہیں۔ تمام انسانیت اللہ تعالی کا کنبہ ہے۔ ہم مسلمان آپس میں بھائی بھائی اور غیر مسلم انسانیت میں ایک دوسرے کے ساتھی ہیں۔ پاکستان میں مذہبی منافرت پھیلانے کے کوشش کرنے والے دشمن سے ہوشیار رہنا ہو گا۔ انکے عزائم کو ملکر ناکام بنائیں گے۔ کارڈینل ڈاکٹر جوزف کوٹس نے وزیر مذہبی امور کی آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے حوالے سے حکومت پاکستان کی پالیسیاں اور رویہ ذمہ دارانہ ہے۔ سانحہ جڑانوالہ کے بعد کیے جانے والے حکومتی اقدامات لائق تحسین ہیں۔ مسیحی عوام اپنی حکومت اور پاکستانی عوام کے شانہ بشانہ ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے سرگرم ہیں اور ایک مستحکم پاکستان اور مثالی معاشرے کے قیام کیلئے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔