تاریخ رقم ‘ڈاکٹر علوی4 چیف جسٹسزسے حلف لینے والے پہلے صدر
رحیم یار خان(بیورو رپورٹ) ڈاکٹر عارف علوی چار چیف جسٹسز آف پاکستان سے حلف لینے والے ملکی تاریخ میں پہلے صدر مملکت بن گئے۔تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سب سے پہلے جسٹس آصف سعید کھوسہ سے اٹھارہ جنوری 2019ءکو حلف لیاپھر اسکے بعد جسٹس گلزار احمد سے اکیس دسمبر2019ئ، پھر جسٹس عمر عطا بندیال سے دو فروری2022ءاور کل سترہ ستمبر2023ءکو انہوں نے نئے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسی سے چیف جسٹس آف پاکستان کی حیثیت سے حلف لیا اس طرح وہ چار چیف جسٹسز آف پاکستان سے حلف لینے والے ملکی تاریخ میں پہلے صدر مملکت بن گئے۔دوسری جانب نئے چیف جسٹس جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے جب چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف اٹھایا تو انکی اہلیہ سرینا عیسیٰ بھی انکے ساتھ کھڑی تھیں۔اس طرح جسٹس قاضی اہلیہ کے ہمراہ حلف اٹھانے والے ملکی تاریخ کے پہلے چیف جسٹس بن گئے عوامی حلقوں نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے اس اقدام کو احسن قرار دیا ہے ۔